نئی دہلی/ آواز دی وائس
این ڈی اے کے نائب صدر کے امیدوار سی پی رادھا کرشنن کا حکمران اتحاد کے ممبران پارلیمان کی میٹنگ میں تعارف کرایا گیا اور وزیراعظم نریندر مودی نے ان کی سادہ زندگی کی تعریف کی۔ پی ایم مودی نے کہا کہ ہم 40 سال سے زیادہ عرصے سے دوست ہیں۔ اُس وقت ہمارے بال کالے ہوا کرتے تھے۔ اتنا ہی نہیں وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ رادھا کرشنن کی کھیلوں میں دلچسپی ہو سکتی ہے، لیکن وہ سیاست میں کھیل نہیں کھیلتے۔
رپورٹ کے مطابق، رادھا کرشنن بدھ کو تقریباً 160 ممبران پارلیمان اور این ڈی اے کے زیر اقتدار ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کے ساتھ اپنا نامزدگی فارم داخل کریں گے۔ ان کے ساتھ 20 تجویز کنندہ اور اتنے ہی تائید کنندہ بھی موجود ہوں گے۔ ان کی نامزدگی کے لیے کاغذی کارروائی منگل کو مکمل ہو گئی۔ پی ایم مودی نے اپوزیشن سے بھی رادھا کرشنن کی حمایت کی اپیل کی۔
پی ایم مودی نے کانگریس کی تنقید کی
وزیراعظم مودی نے اپنی حکومت کی جانب سے معطل کی گئی سندھُو جل معاہدہ کو لے کر بھی کانگریس پر سخت تنقید کی اور کہا کہ جواہر لعل نہرو نے اپنی شبیہ بنانے کے لیے ہندوستان کے مفادات سے سمجھوتہ کیا اور اپنے کابینہ یا پارلیمان کو اعتماد میں لیے بغیر ہی اس معاہدے کو منظوری دے دی۔ مودی نے کہا کہ تنقیدوں کے درمیان بعد میں نہرو نے افسوس ظاہر کیا کہ چند بالٹی پانی کے لیے اتنا ہنگامہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے وزیراعظم نے لداخ میں چین کے ذریعے ہندوستانی علاقے پر قبضے کو بھی کم کرکے پیش کیا تھا اور کہا تھا کہ وہاں گھاس کا ایک تنکا بھی نہیں اگتا۔
نائب صدر کا انتخاب کب ہوگا؟
۔9 ستمبر 2025 کو ہونے والا نائب صدر کا انتخاب گزشتہ ماہ جگدیپ دھنکھڑ کے اچانک استعفے کے بعد منعقد ہو رہا ہے۔ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 21 اگست ہے اور اس انتخاب میں پارلیمان کے دونوں ایوانوں کے اراکین آئین کے آرٹیکل 66(1) میں دیے گئے نسبتی نمائندگی کے نظام کے تحت اپنے ووٹ ڈالیں گے۔ نائب صدر کے انتخاب میں ہندوستانی جنتا پارٹی کے اتحاد کو برتری حاصل ہوتی نظر آ رہی ہے۔ نائب صدر کا انتخاب لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے اراکین پر مشتمل ایک انتخابی کالج کے ذریعے کیا جاتا ہے۔ اس وقت انتخابی کالج میں 782 اراکین ہیں۔ اس کا مطلب ہے کہ جیتنے والے فریق کے پاس کم از کم 392 ووٹ ہونا ضروری ہے۔ این ڈی اے کے پاس لوک سبھا میں 293 اور راجیہ سبھا میں 133 نشستیں ہیں۔