نئی دہلی:وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کے روز اپنی 75ویں سالگرہ کے موقع پر برطانوی بادشاہ چارلس سوئم کی جانب سے دیا گیا کدَم کا پودا اپنی سرکاری رہائش گاہ پر لگایا۔
برطانوی ہائی کمیشن کے دفتر نے 17 ستمبر، یعنی مودی کی سالگرہ کے دن، کہا تھا کہ یہ تحفہ وزیر اعظم کی اُس پہل سے متاثر ہو کر دیا گیا ہے جسے وہ "ایک پیڑ ماں کے نام"کے عنوان سے چلا رہے ہیں، جس کا مقصد لوگوں کو اپنی ماں کے اعزاز میں درخت لگانے کی ترغیب دینا ہے۔
ہائی کمیشن کے مطابق یہ تحفہ چارلس سوئم اور وزیر اعظم مودی کے ماحولیات کے تحفظ کے حوالے سے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ایک سرکاری ویڈیو میں دکھایا گیا کہ مودی نے اپنی رہائش گاہ پر یہ پودا لگایا، جو دوستی اور ماحولیاتی پائیداری کے مشترکہ عزم کی علامت ہے۔
یاد رہے کہ جولائی میں برطانیہ کے دورے کے دوران مودی نے بادشاہ کو سوناما کا درخت تحفے میں دیا تھا، جو اسی مہم کا حصہ تھا۔ہائی کمیشن نے کہا تھا کہ ماحولیات، آب و ہوا اور صاف توانائی پر تعاون دولتِ مشترکہ اور برطانیہ-ہند شراکت داری کا ایک اہم ستون ہے، جیسا کہ دونوں وزرائے اعظم نے وژن 2035 میں طے کیا ہے۔