مہاتما پھولے کا یوم پیدائش،مودی کا خراج عقیدت

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 11-04-2022
 مہاتما پھولے کا یوم پیدائش،مودی کا خراج عقیدت
مہاتما پھولے کا یوم پیدائش،مودی کا خراج عقیدت

 

 

آواز دی وائس، نئی دہلی

وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو مہاتما پھولے کو ان کے یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ مہاتما پھولے کو سماجی انصاف کے علم بردار کے طور پر جانا جاتا ہے۔

 وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ مہاتما پھولےایک کثیرجہتی شخصیت تھےجنہوں نےسماجی مساوات، خواتین کو بااختیار بنانے اور تعلیم کو فروغ دیا۔

ایک اور ٹویٹ میں وزیر اعظم مودی نے گزشتہ ماہ اپنے 'من کی بات' پروگرام میں ان سے متعلق ایک حصہ شیئر کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آج مہاتما پھولے کی جینتی ہے اور چند دنوں میں، 14 تاریخ کو، ہم امبیڈکر جینتی منائیں گے۔

 مہاتما پھولےاورڈاکٹرباباصاحب امبیڈکر کی یادگاری شراکت کے لیے ہندوستان ہمیشہ شکرگزار رہے گا۔'' 'من کی بات' کے دوران وزیر اعظم نے کہا تھا، ''اپریل کے مہینے میں ہم دو عظیم شخصیات کی یوم پیدائش بھی منائیں گے۔

دونوں نے ہندوستانی سماج پر اپنے گہرے اثرات چھوڑے ہیں۔ یہ عظیم ہستیاں مہاتما پھولے اور بابا صاحب امبیڈکر ہیں۔ ان دونوں عظیم انسانوں نے امتیازی سلوک اور عدم مساوات کے خلاف مسلسل جدوجہد کی۔

 

مہاتما پھولے نے اس دور میں لڑکیوں کے لیے اسکول کھولے، لڑکیوں کے دوران حمل قتل کے خلاف آواز اٹھائی۔ انہوں نے پانی کے بحران سے نجات کے لیے بھی ایک مہم چلائی تھی۔

وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ساوتری بائی پھولے جی مہاتما پھولے کے تناظر میں بھی اتنی ہی اہم ہیں۔ ساوتری بائی پھولے نے بہت سے سماجی اداروں کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا۔ ایک استاد اور سماجی مصلح کے طور پرانہوں نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔

 وزیراعظم نے کہا تھا کہ انہوں نے مل کر ستیہ شودھک سماج قائم کیا، انہوں نے لوگوں کو بااختیار بنانے کی کوشش کی۔ بابا صاحب امبیڈکر کے کام میں ہم مہاتما پھولے کا اثر واضح طور پر دیکھ سکتے ہیں۔ وہ یہ بھی کہا کرتے تھے کہ کسی بھی معاشرے کی ترقی کا اندازہ اس معاشرے کی خواتین کی حالت کو دیکھ کر لگایا جا سکتا ہے۔