نئی دہلی:وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو بھارتی خواتین نابینا کرکٹ ٹیم سے ملاقات کی، جس نے کولمبو میں نیپال کو سات وکٹوں سے شکست دے کر پہلے نابینا خواتین ٹی–20 ورلڈ کپ کا ٹائٹل جیت کر تاریخ رقم کی ہے۔ خواتین سینئر ٹیم کے ون ڈے ورلڈ کپ میں پہلا خطاب جیتنے کے چند ہی دن بعد بھارتی نابینا خواتین ٹیم نے چھ ٹیموں کے اس ٹورنامنٹ میں شاندار کامیابی حاصل کی۔
نابینا ٹیم کی کھلاڑیوں نے وزیر اعظم مودی کو اپنے دستخطوں والا بلّا تحفے میں دیا۔ وزیر اعظم نے بھی ٹیم کے لیے ایک گیند پر اپنے دستخط کیے۔ اس سے قبل مودی نے ٹیم کی اس تاریخی کامیابی کی تعریف کی تھی۔ مودی نے اپنے ’ایکس‘ صفحے پر لکھا تھا: پہلا نابینا خواتین ٹی–20 ورلڈ کپ جیت کر تاریخ رقم کرنے پر بھارتی نابینا خواتین کرکٹ ٹیم کو مبارک باد۔
اس سے بھی زیادہ قابلِ تعریف بات یہ ہے کہ وہ پورے ٹورنامنٹ میں ناقابلِ شکست رہیں۔ انہوں نے کہا، یہ واقعی ایک تاریخی کھیلوں کی کامیابی ہے۔ یہ محنت، ٹیم ورک اور پختہ عزم کی شاندار مثال ہے۔ ہر کھلاڑی ایک چیمپئن ہے۔ ٹیم کے لیے میری نیک خواہشات۔ ٹیم کی یہ کامیابی آنے والی نسلوں کو بھی تحریک دے گی۔