نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کے روز بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے صدر نتن نوین اور حال ہی میں پارٹی میں شامل ہونے والے عام آدمی پارٹی کے بعض سابق رہنماؤں سمیت 37 بی جے پی ارکانِ پارلیمنٹ کے ساتھ ناشتے پر ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پارلیمنٹ کی کارروائی بغیر کسی رکاوٹ کے ہموار طریقے سے چلنی چاہیے۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے عوامی زندگی کے اپنے تجربات ارکانِ پارلیمنٹ کے ساتھ شیئر کیے اور انہیں بتایا کہ پارلیمنٹ کے کام کاج کو کس قدر سنجیدگی سے لینا چاہیے۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم نے ارکانِ پارلیمنٹ کو مشورہ دیا کہ وہ روزانہ کم از کم ایک سے دو گھنٹے پارلیمنٹ کی لائبریری میں گزاریں۔
اس کے علاوہ انہوں نے نوجوانوں سے رابطہ بڑھانے، اپنے حلقوں میں نوجوانوں اور کھیلوں کی سرگرمیوں پر خصوصی توجہ دینے اور رکنِ پارلیمنٹ مقامی علاقہ ترقیاتی اسکیم (MPLADS) کو مؤثر طریقے سے نافذ کرنے کی بھی ترغیب دی۔ اس ملاقات میں نو منتخب راجیہ سبھا اراکین ترون چُگ اور ونود تاوڑے کے علاوہ عام آدمی پارٹی کے سابق رہنما سواتی مالیوال، راگھو چڈھا، اشوک متّل، سندیپ پاٹھک اور وکرم جیت سنگھ ساہنی بھی موجود تھے۔
وزیر اعظم مودی گزشتہ کئی برسوں سے پارلیمنٹ کے اجلاس کے دوران ارکانِ پارلیمنٹ سے ناشتے پر ملاقات کرتے رہے ہیں۔ ان نشستوں میں ارکان کو وزیر اعظم سے براہِ راست گفتگو اور رہنمائی حاصل کرنے کا موقع ملتا ہے۔ واضح رہے کہ پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس 20 جولائی سے جاری ہے اور دونوں ایوانوں میں رام مندر میں مبینہ چندہ خردبرد اور نیٹ (NEET) امتحان کے پرچہ لیک معاملے پر طلبہ کے احتجاج کے خلاف پولیس کارروائی سمیت مختلف مسائل پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان تعطل برقرار ہے۔