وشاکھاپٹنم: وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کے روز آندھرا پردیش میں تقریباً 18 ہزار کروڑ روپے کی مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگِ بنیاد رکھا۔ اس سے قبل انہوں نے ضلع وجئے نگرم کے بھوگاپورم میں 5,700 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے الوری سیتارام راجو بین الاقوامی ہوائی اڈے کا افتتاح بھی کیا۔
وزیر اعظم نے وشاکھاپٹنم میں 460 کروڑ روپے کی لاگت والی اے ایس آئی پی سیمی کنڈکٹر منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھا۔ یہ منصوبہ اے ایس آئی پی ٹیکنالوجیز پرائیویٹ لمیٹڈ جنوبی کوریا کی کمپنی اے پی اے سی ٹی کے تعاون سے تیار کر رہی ہے۔ پریس انفارمیشن بیورو (پی آئی بی) کے مطابق، یہ انڈیا سیمی کنڈکٹر مشن کے تحت آندھرا پردیش کی پہلی منظور شدہ سیمی کنڈکٹر مینوفیکچرنگ یونٹ ہے، جہاں سالانہ تقریباً 9.6 کروڑ سیمی کنڈکٹر چپس تیار کی جائیں گی۔
اس منصوبے سے معاون صنعتی نظام کو بھی فروغ ملے گا۔ وزیر اعظم نے کرنول-4 قابلِ تجدید توانائی زون کے پہلے مرحلے (4.5 گیگاواٹ) کو قومی گرڈ سے جوڑنے والی ٹرانسمیشن لائن کا بھی سنگِ بنیاد رکھا۔ اس منصوبے پر پاور گرڈ کی جانب سے خصوصی مقصدی کمپنی (SPV) کے ذریعے تقریباً 5,550 کروڑ روپے خرچ کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے تقریباً 3,550 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار کردہ کرنول ونڈ انرجی زون اور سولر انرجی زون (حصہ اے اور بی) کی ٹرانسمیشن لائن کا افتتاح بھی کیا۔ اس کے علاوہ اننت پورم (2,500 میگاواٹ) اور کرنول (1,000 میگاواٹ) کے شمسی توانائی زونز کے لیے 820 کروڑ روپے سے زائد کی لاگت سے تعمیر ہونے والی ٹرانسمیشن لائن بھی قوم کے نام وقف کی گئی۔
پی آئی بی کے مطابق، ان منصوبوں کے ذریعے کرنول اور اننت پورم میں پیدا ہونے والی قابلِ تجدید توانائی قومی گرڈ کے ذریعے ملک بھر کے صارفین تک پہنچائی جا سکے گی، جس سے صاف توانائی کی دستیابی بڑھے گی، فوسل فیول پر انحصار کم ہوگا اور کاربن کے اخراج میں کمی لانے کی کوششوں کو تقویت ملے گی۔ وزیر اعظم نے 1,880 کروڑ روپے سے زائد کی قومی شاہراہوں سے متعلق متعدد منصوبوں کا بھی افتتاح اور سنگِ بنیاد رکھا۔
ان میں این ایچ-365 بی جی پر ریچیلا سے گرووایا گوڈیم اور گرووایا گوڈیم سے دیوراپلّے تک چار رویہ گرین فیلڈ ایکسپریس وے، این ایچ-67 پر تڈی پتری بائی پاس اور این ایچ-565 کے پینچلکونا-یرپیڈو سیکشن پر لنگا سمدرم میں ایک بلند پل کی تعمیر شامل ہے۔ ان منصوبوں سے وجئے واڑہ اور دیگر شہروں میں ٹریفک کا دباؤ کم ہوگا، سڑکوں کی حفاظت بہتر ہوگی، وشاکھاپٹنم اور حیدرآباد کے درمیان سفر کا وقت اور فاصلہ کم ہوگا، جبکہ علاقائی رابطے کو بھی فروغ ملے گا۔