نئی دہلی:وزیر اعظم نریندر مودی نے قومی دارالحکومت نئی دہلی کے وگیان بھون میں "پانڈولپی دھروہر" پر منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس میں "گیان بھارتم پورٹل" کا آغاز کیا۔
اس موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا، "میں گیان بھارتم کی پوری ٹیم اور وزارتِ ثقافت کو مبارکباد دیتا ہوں۔ جب ہم کسی پانڈولپی کو دیکھتے ہیں تو یہ تجربہ وقت کے سفر جیسا لگتا ہے۔ یہ ہمیں یہ سوچنے پر بھی مجبور کرتا ہے کہ ماضی میں حالات آج کے مقابلے کتنے مختلف تھے۔ آج کل ہم کی بورڈ کی مدد سے بہت کچھ لکھ سکتے ہیں اور ہمارے پاس آسانی سے حذف کرنے اور درست کرنے کا اختیار ہوتا ہے۔ ہم پرنٹر کے ذریعے ایک صفحے کی ہزاروں نقول تیار کر سکتے ہیں۔ لیکن سوچیے، صدیوں پہلے کی دنیا کا جب ایسے جدید وسائل دستیاب نہیں تھے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا، آج بھی ہندستان کے پاس دنیا کا سب سے بڑا پانڈولپی ذخیرہ موجود ہے، جس میں تقریباً ایک کروڑ پانڈولپیاں شامل ہیں۔ یہ کوئی چھوٹی تعداد نہیں ہے۔ اگرچہ لاکھوں پانڈولپیاں تاریخ کے طوفانوں میں جل گئیں یا کھو گئیں، لیکن جو باقی ہیں وہ ہمارے بزرگوں کی علم، سائنس اور تعلیم کے تئیں گہری وابستگی کی گواہی دیتی ہیں۔
واضح ہوکہ گیان بھارتم ایک ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے، جس کا مقصد ہندستان کی قدیم پانڈولپیوں کا تحفظ، ڈیجیٹلائزیشن اور ان کے روایتی علم کا فروغ ہے۔ اس کانفرنس کا موضوع ہے: "پانڈولپی دھروہر کے ذریعے ہندستان کی علمی روایت کی بازیافت"، جو 11 سے 13 ستمبر تک وزارتِ ثقافت کے زیر اہتمام منعقد ہو رہی ہے۔ بتایا گیا کہ گیان بھارتم ایک ڈیجیٹل گیٹ وے کے طور پر کام کرے گا، جو ہندستان کے قدیم علم کو دنیا کے سامنے لانے میں مددگار ہوگا۔
اس کے تحت پورے ملک میں بکھری ہوئی ایک کروڑ سے زائد پانڈولپیوں کی نشاندہی کی جائے گی اور انہیں ڈیجیٹلائز، محفوظ اور عوام کے لیے دستیاب بنایا جائے گا۔ یہ پانڈولپیاں یونیورسٹیوں، میوزیموں، کتب خانوں اور نجی ذخائر میں رکھی گئی ہیں۔ گیان بھارتم پورٹل کے تحت قائم کیے گئے آٹھ خصوصی ورکنگ گروپس نے وزیر اعظم نریندر مودی کی موجودگی میں اپنے کاموں کی پیشکش کی۔
یہ گروپ پانڈولپیوں کے تحفظ، ڈیجیٹلائزیشن ٹیکنالوجی، میٹا ڈیٹا معیارات کی تیاری، قانونی فریم ورک کی تشکیل، ثقافتی سفارت کاری اور قدیم رسم الخط کو پڑھنے اور سمجھنے جیسے اہم موضوعات پر کام کریں گے۔ ان کا مقصد ہندستان کی قدیم علمی وراثت کو محفوظ کر کے ڈیجیٹل شکل میں آئندہ نسلوں تک پہنچانا ہے۔
قابلِ ذکر ہے کہ ہندستان کے پاس دنیا کی سب سے بڑی قدیم پانڈولپیوں کی وراثت موجود ہے۔ ملک میں تقریباً ایک کروڑ پانڈولپیاں ہیں، جن میں آیوروید، ریاضی، فلکیات، فلسفہ، موسیقی اور یوگ جیسے موضوعات پر گہرا علم پوشیدہ ہے۔
ایسے میں گیان بھارتم پورٹل کے آغاز کا مقصد یہ ہے کہ ہندستان کی پانڈولپیوں میں چھپا روایتی علم عالمی سطح تک پہنچے اور ہندستان دوبارہ عالمی علمی روایت کا رہنما بنے۔ یہ پہل وزارتِ ثقافت کے تحت ایک اہم قدم کے طور پر دیکھی جا رہی ہے، جس سے ہندستان کی علمی روایت کو دنیا میں نئی پہچان ملے گی۔