سنٹرل ویسٹا کا افتتاح:غلامی کی نشانی کا خاتمہ، یہ نیا ہندوستان ہے:مودی

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 08-09-2022
سنٹرل ویسٹا کا افتتاح:غلامی کی نشانی کا خاتمہ، یہ نیا ہندوستان ہے:مودی
سنٹرل ویسٹا کا افتتاح:غلامی کی نشانی کا خاتمہ، یہ نیا ہندوستان ہے:مودی

 

 

نئی دہلی:  وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو نئی دہلی میں سینٹرل وسٹا ایونیو کا افتتاح کیا۔ افتتاح کے ساتھ ہی برسوں پرانا راج پتھ کرتویہ پتھ بن گیا ہے۔ 

وزیر اعظم نے اپنی تقریر کے دوران کہاکہ "آج، ہم نے ماضی کو پیچھے چھوڑ دیا ہے اور مستقبل کے لیے ایک نئی تصویر بنا رہے ہیں۔ استعمار کی علامت، کنگس وے، یا راج پتھ، جو اب تاریخ کا حصہ ہے، ہمیشہ کے لیے مٹ چکا ہے۔ " انہوں نے مزید کہا کہ "نیتا جی کا مجسمہ اس جگہ پر آ رہا ہے جہاں کبھی کنگ جارج کا مجسمہ کھڑا تھا، ایک نئے ہندوستان کی 'پران پرتیشتھا' جیسا ہے"۔ ’’اگر ہندوستان آزادی کے بعد نیتا جی کے دکھائے ہوئے راستے پر چلتا تو یہ ایک الگ کہانی ہوتی

پی ایم مودی نے اپنی تقریر کے دوران کہا کہ آزادی کے بعد بوس کو بھلا دیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا، "بوس کے پاس وژن تھا، وہ بہادر تھے۔ وہ کہتے تھے، ہندوستان کوئی ایسا ملک نہیں ہے جو اپنی قابل فخر تاریخ کو بھول جائے۔ ملک کی تاریخ ہر ہندوستانی کے خون میں شامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا، ’’کرتویہ پاتھ پر نیتا جی کا مجسمہ تحریک کا ذریعہ بنے گا…

پچھلے آٹھ سالوں میں، ہم نے ایسے فیصلے کیے ہیں جو نیتا جی کے آدرشوں کی عکاسی کرتے ہیں۔‘‘ مودی نے کہا کہ ہندوستان اب استعمار کی ذہنیت سے آگے بڑھ رہا ہے۔

انہوں نے انڈمان جزائر کا نام نیتا جی بوس کے نام پر رکھنے اور ریس کورس روڈ کا نام بدل کر لوک کلیان مارگ رکھنے کا ذکر کیا۔ "بھارتی بحریہ نے بھی چھترپتی شیواجی کی علامت کو اپنایا ہے اور غلامی کی علامت کو بہایا ہے۔ یہ تبدیلیاں صرف علامتوں تک محدود نہیں ہیں۔ یہ تبدیلیاں ملک کی بنیادوں کا ایک حصہ ہیں،‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’اگر ہندوستان آزادی کے بعد نیتا جی کے دکھائے ہوئے راستے پر چلتا تو یہ ایک مختلف کہانی ہوتی۔ لیکن ہندوستان اپنے ہیرو کو بھول گیا۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنی تقریر کے دوران کہا کہ سماجی اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کے ساتھ ساتھ ہندوستان ثقافتی ڈھانچے پر بھی کام کر رہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کرتویہ پاتھ کی شکل میں ملک کو ثقافتی ڈھانچے کی ایک اور بہترین مثال مل رہی ہے۔ "آپ یہاں مستقبل کا ہندوستان دیکھیں گے۔ یہ آپ کو ایک نیا نقطہ نظر، نیا یقین دے گا۔ اگلے تین دنوں تک نیتا جی کی زندگی پر مبنی ڈرون شو منعقد کیا جائے گا۔ شام کے وقت لوگ بڑی تعداد میں یہاں آتے ہیں۔ کرتویہ پاتھ کی منصوبہ بندی، ڈیزائننگ اور لائٹنگ اسی کو ذہن میں رکھتے ہوئے کی گئی- پی ایم نے نیتا جی امر رہے اور بھارت ماتا کی جئے کے ساتھ اپنے خطاب کا اختتام کیا

افتتاحی تقریب میں وزیرداخلہ امت شاہ بھی موجود تھے۔اس کے ساتھ انہوں نے نیتا جی سبھاش چندر بوس کے مجسمے کی بھی نقاب کشائی کی ہے۔ ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ ' کرتویہ پتھ' راشٹرپتی بھون سے انڈیا گیٹ تک کا راستہ ہے۔ اس سڑک کے دونوں جانب لان اور ہریالی کے ساتھ ساتھ پیدل چلنے والوں کے لیے سرخ گرینائٹ پتھروں سے بنا ہوا راستہ اس کی رونق میں اضافہ کرتا ہے۔

 نیتا جی کے مجسمے کی نقاب کشائی کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے سینٹرل وسٹا ایونیو اور مجسمہ بنانے والے کارکنوں سے ملاقات کی۔ان میںں میں باغبان، الیکٹریشن اور معمار شامل ہیں۔ نیتا جی کے مجسمے کی مجسمہ سازی کرنے والی ٹیم کا حصہ بننے والے کاریگروں کا بھی وزیر اعظم نے استقبال کیا.

اس راستے میں مرمت شدہ نہریں، ریاستی کھانے کے اسٹالز، نئی سہولیات والے بلاکس اور سیلز اسٹالز ہوں گے۔ واضح رہے کہ نئی دہلی میونسپل کونسل (این ڈی ایم سی) نے ہاؤسنگ اور شہری امور کی وزارت سے موصول ہونے والی ایک قرارداد کو منظور کرتے ہوئے 'راج پتھ' کا نام بدل کر 'کرتویہ پتھ' کر دیا ہے۔ اب انڈیا گیٹ پر نیتا جی سبھاش چندر بوس کے مجسمے سے لے کر راشٹرپتی بھون تک کا پورا علاقہ 'کرتویہ پتھ' کہلائے گا۔  کرتویہ پتھ کے دونوں طرف آٹھ پل بنائے گئے ہیں، تاکہ پیدل چلنے والوں کو لان پر نہ چلنا پڑے اور وہ واک ویز اور پلوں کا استعمال کر سکیں۔

awazthevoice

 آخر یہ سنٹرل وسٹا کیا ہے؟ سینٹرل وسٹا ری ڈیولپمنٹ پروجیکٹ میں کیاہے؟ مرکزی وسٹا ایونیو کون سا ہے جس کا وزیراعظمنریندر مودی نےآج افتتاح کیا؟ منصوبہ کب مکمل ہوگا؟ اس منصوبے پر کتنی لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے؟ آئیے جانتے ہیں۔

سینٹرل وسٹا کیا ہے؟

نئی دہلی میں راشٹرپتی بھون سے انڈیا گیٹ تک 3.2 کلومیٹر طویل علاقے کو سینٹرل وسٹا کہا جاتا ہے۔ اس علاقے کی کہانی، جو دہلی کے سب سے زیادہ دیکھے جانے والے سیاحتی مقامات میں سے ایک ہے۔یہ کہانی 1911 سے شروع ہوتی ہے۔ اس وقت ہندوستان پر انگریزوں کی حکومت تھی۔ کلکتہ ان کا دارالحکومت تھا لیکن دسمبر 1911 میں شاہ جارج پنجم نے بنگال میں بڑھتے ہوئے احتجاج کے درمیان ہندوستان کے دارالحکومت کو کلکتہ سے دہلی منتقل کرنے کا اعلان کیا۔

 ایڈون لوٹینز اور ہربرٹ بیکر کو دہلی میں اہم عمارتوں کی تعمیر کی ذمہ داری ملی۔ان دونوں نے سینٹرل وسٹا کو ڈیزائن کیا۔ یہ پروجیکٹ واشنگٹن کے کیپیٹل کمپلیکس اور پیرس میں شانز لیسی سے متاثر تھا۔ تینوں منصوبے قوم سازی کے پروگرام کا حصہ تھے۔

awazthevoice

لوٹین اور بیکر نے پھر گورنمنٹ ہاؤس (اب راشٹرپتی بھون)، انڈیا گیٹ، کونسل ہاؤس (اب پارلیمنٹ)، نارتھ بلاک، ساؤتھ بلاک اور کنگ جارج کا مجسمہ (اب وار میموریل) بنایا۔  آزادی کے بعد سینٹرل وسٹا ایونیو جانے والی سڑک کا نام بھی بدل دیا گیا اور کنگس وے راج پتھ بن گیا۔ آج سے اس کا نام بھی کرتویہ پاتھ بن گیا ہے۔

سینٹرل وسٹا کے اندر کیا آتا ہے؟

اس وقت راشٹرپتی بھون، پارلیمنٹ، نارتھ بلاک، ساؤتھ بلاک، ریل بھون، وایو بھون، کرشی بھون، صنعت بھون، شاستری بھون، تعمیر بھون، نیشنل آرکائیوز، جواہر بھون، اندرا گاندھی نیشنل سینٹر فار آرٹس(IGNCA) ، نائب صدر  انکلیو، نیشنل میوزیم، وگیان بھون، رکشا بھون،   حیدرآباد ہاؤس، جام نگر ہاؤس، انڈیا گیٹ، نیشنل وار میموریل اور بیکانیر ہاؤس  وغیرہ سینٹرل وسٹا کے اندر آتے ہیں۔

سینٹرل وسٹا ری ڈیولپمنٹ پروجیکٹ میں کیا ہونا ہے؟

سینٹرل وسٹا کے پورے علاقے کو دوبارہ تیار کرنے کے منصوبے کا نام سینٹرل وسٹا ری ڈیولپمنٹ پروجیکٹ ہے۔ اس میں کچھ موجود عمارتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی، کچھ کو کسی اور کام کے لیے استعمال کیا جائے گا، کچھ کی تزئین و آرائش کی جائے گی، کچھ کو گرا کر ان کی جگہ نئی عمارتیں تعمیر کی جائیں گی۔سینٹرل وسٹا ایونیو کی تعمیر نو کے مکمل ہونے کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے آج اس کا افتتاح کیا۔

کون سی عمارتیں تبدیل نہیں ہوں گی اور کون سی؟

اس علاقے میں واقع چھ عمارتوں میں اس ری ڈیولپمنٹ پروجیکٹ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔ ان میں راشٹرپتی بھون، حیدرآباد ہاؤس، انڈیا گیٹ، ریل بھون، وایو بھون اور وار میموریل شامل ہیں۔ ساتھ ہی نارتھ بلاک اور ساؤتھ بلاک دونوں کو نیشنل میوزیم میں تبدیل کیا جائے گا۔ پارلیمنٹ کی موجودہ عمارت کو آثار قدیمہ کے ورثے میں تبدیل کیا جائے گا۔ موجودہ جام نگر ہاؤس کو اندرا گاندھی نیشنل سینٹر فار آرٹس میں تبدیل کردیا جائے گا۔

اس کے ساتھ چار نئی عمارتیں نئے سرے سے تعمیر کی جا رہی ہیں۔ اس میں نئے پارلیمنٹ ہاؤس کے ساتھ ساتھ نائب صدر ہاؤس، وزیراعظم کی رہائش گاہ کے ساتھ نیا مرکزی سیکریٹریٹ بھی بنایا جائے گا۔ حکومتی وزارتیں اور ان کے دفاتر کو بھی اس مرکزی سیکرٹریٹ میں منتقل کر دیا جائے گا۔

awazthevoice

اس ری ڈویلپمنٹ کے لیے کچھ عمارتیں بھی گرائی جائیں گی۔ ان میں موجودہ نیشنل میوزیم، اندرا گاندھی نیشنل سینٹر فار آرٹس، نائب صدر بھون،  وانجیہ بھون، نرمان بھون، جواہر بھون، وگیان بھون، کرشی بھون، شاستری بھون اور رکھشا بھون جیسی عمارتیں شامل ہیں۔

سینٹرل وسٹا ایونیو کو دوبارہ کیوں تیار کیا گیا؟

سینٹرل وسٹا ایونیو سینٹرل وسٹا ماسٹر پلان کا حصہ ہے۔ راشٹرپتی بھون سے انڈیا گیٹ کے درمیان کی سڑک اور اس کے دونوں طرف کا علاقہ سینٹرل وسٹا ایونیو کہلاتا ہے۔ یہ سڑک جو کنگز وے کے نام سے بنائی گئی تھی۔ آزادی کے بعد اس کا نام بدل کر راج پتھ رکھ دیا گیا۔ آج سے اس کا نام کرتویہ پاتھ رکھا جائے گا۔

پورے پروجیکٹ کی آفیشل ویب سائٹ کے مطابق، سینٹرل وسٹا ایونیو کے اصل حصے میں وقت کے ساتھ ساتھ کئی تبدیلیاں آئی ہیں۔ سائٹ کو محفوظ رکھنے کے لیے متعدد کوششوں کے باوجود، ایونیو کی ضروری سہولیات برسوں سے خراب ہوتی چلی گئی ہیں، کیونکہ اسے بھاری استعمال کے لیے ڈیزائن نہیں کیا گیا تھا۔ سینٹرل وسٹا کی ویب سائٹ کے مطابق، بھاری ٹریفک، ضرورت سے زیادہ عوامی رسائی، پیدل چلنے والوں کے لیے دوستانہ سہولیات کا فقدان، دکانداروں کے لیے ناکافی سہولیات، اور زمین اور پانی کی آلودگی کی وجہ سے اس تبدیلی کی ضرورت تھی۔

منصوبہ کب مکمل ہوگا؟

حکومت نے 4 اگست2022 کو لوک سبھا کو بتایا تھا کہ اس ماسٹر پلان کے تحت پانچ پروجیکٹوں پر کام جاری ہے۔ ان میں پارلیمنٹ کی نئی عمارت، سینٹرل وسٹا ایونیو کی تعمیر نو، کامن سینٹرل سیکریٹریٹ کی تین عمارتیں، نائب صدر کا انکلیو اور ایگزیکٹو انکلیو شامل ہیں۔

awazthevoice

اس میں سنٹرل وسٹا ایونیو کی دوبارہ ترقی مکمل ہوئی۔  4 اگست کو حکومت کے جواب کے مطابق پارلیمنٹ کی نئی عمارت کی تعمیر کا 70 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔ اس کے نومبر 2022 تک مکمل ہونے کی امید ہے۔ اس کے ساتھ ہی مرکزی سیکرٹریٹ کا 17 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔ یہ دسمبر 2023 تک مکمل ہونے کی امید ہے۔ نائب صدر کی عمارت کا 24 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔ اس کے جنوری 2023 تک مکمل ہونے کی امید ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ایگزیکٹو انکلیو کا کام بھی ابھی شروع نہیں ہوا۔

سینٹرل وسٹا ایونیو کی قیمت کتنی ہے؟

اس پروجیکٹ پر کل اخراجات کا تخمینہ 608 کروڑ روپے ہے۔ یہ معلومات حکومت نے 21 جولائی 2022 کو لوک سبھا میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں دی۔ اس کے مطابق اس پروجیکٹ پر اب تک 477.28 کروڑ روپے خرچ ہو چکے ہیں۔

پورے منصوبے کی بات کریں تو جن پانچ پراجیکٹس پر کام ہونا ہے ان میں سے چار پر کام شروع ہو چکا ہے۔ ان چاروں پر کتنا خرچ آئے گا اس کی معلومات بھی حکومت نے لوک سبھا میں دی تھی۔ سینٹرل وسٹا ایونیو کے علاوہ پارلیمنٹ کی نئی عمارت پر 971 کروڑ روپے کی لاگت کا تخمینہ ہے۔ اس کے ساتھ ہی نائب صد ہاوس  پر 208.48 کروڑ روپے اور مرکزی سکریٹریٹ پر 3,690 کروڑ روپے خرچ ہونے کی امید ہے۔ پورے پروجیکٹ پر 20 ہزار کروڑ روپے خرچ ہونے کی بات کہی جارہی ہے۔ مرکزی حکومت کی تمام وزارتوں سے 13,450 کروڑ روپے کی منظوری ملی ہے۔

 خیال رہے کہ وسٹا کا مطلب دلکش نظارہ ہے۔ راشٹرپتی بھون سے انڈیا گیٹ تک راج پتھ کے آس پاس کا علاقہ سرسبز و شاداب درختوں، نہروں اور پارکوں سے گھرا ہوا ہے۔ یہ پہلے خوبصورت تھا، اب زیادہ پرکشش ہو گیا ہے۔

انڈیا گیٹ کے دونوں طرف نئی دکانیں بنائی گئی ہیں جن میں مختلف ریاستوں کے کھانے پینے کے اسٹالز ہوں گے۔ سیاح پہلے کی طرح لان میں بیٹھ کر گھر سے لایا کھانا نہیں کھا سکیں گے۔ اس کے علاوہ دکاندار صرف مخصوص زون میں اسٹال بھی لگا سکیں گے۔ دو نئے پارکنگ لاٹس میں 1100 سے زائد گاڑیاں کھڑی کی جا سکیں گی۔ نگرانی کے لیے 300 سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔

 مودی نے دسمبر 2020 میں رکھا تھا سنگ بنیاد

یہ اس طرح کا پہلا منصوبہ ہے، جسے مودی حکومت کے سینٹرل وسٹا ری ڈیولپمنٹ پلان کے تحت مکمل کیا گیا ہے۔ سینٹرل وسٹا پلان کا اعلان ستمبر 2019 میں کیا گیا تھا۔ اس کی بنیاد پی ایم نریندر مودی نے 10 دسمبر 2020 کو رکھی تھی ۔