نئی دہلی/ آواز دی وائس
نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کی منگل کے روز پارلیمانی پارٹی کی میٹنگ منعقد ہوئی۔ اس اجلاس میں "آپریشن سیندور" کی کامیابی پر وزیر اعظم نریندر مودی کو اعزاز سے نوازا گیا۔ این ڈی اے کے ممبران پارلیمان کی اس میٹنگ میں آپریشن سیندور کے حق میں ایک قرارداد بھی منظور کی گئی۔ بی جے پی کے صدر جے پی نڈا، وزیر داخلہ امیت شاہ اور وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے وزیر اعظم مودی کا اعزاز کیا۔ اس موقع پر پورا ہال تالیوں کی گونج اور "بھارت ماتا کی جے" کے نعروں سے گونج اٹھا۔
یہ میٹنگ پارلیمنٹ کے آڈیٹوریم ہال میں منعقد ہوئی، جہاں وزیر اعظم نریندر مودی نے خطاب بھی کیا۔ یہ اجلاس ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب پارلیمنٹ میں بہار کی ووٹر لسٹ کو لے کر شدید ہنگامہ جاری ہے۔ دونوں ایوانوں میں مسلسل احتجاج ہو رہا ہے۔ این ڈی اے کی یہ میٹنگ کافی عرصے بعد منعقد ہوئی ہے اور موجودہ پارلیمانی اجلاس میں یہ این ڈی اے کی پہلی بڑی میٹنگ ہے، جس میں حکمراں اتحاد کے تمام رہنما شامل ہوئے۔ آپریشن سندور پر دونوں ایوانوں میں زوردار بحث کے بعد یہ اعزاز تقریب رکھی گئی۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ حکومت نے "آپریشن سیندور" پر بحث کی اپوزیشن کی چیلنج کو قبول کیا تھا۔ حکومت نے لوک سبھا اور راجیہ سبھا دونوں ایوانوں میں مکمل بحث کرائی۔ خود وزیر اعظم نریندر مودی نے اپوزیشن کے سوالات کا مؤثر انداز میں جواب دیا۔ حکومت نے بتایا کہ آپریشن سندور میں کامیابی کے بعد مہم کیوں روکی گئی، اس آپریشن میں ہندوستان کے کتنے فائٹر جیٹ گرے، جیسے تمام سوالات پر جارحانہ انداز میں اپنا موقف پیش کیا۔ پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر کو واپس نہ لینے کے سوال پر وزیر اعظم مودی اور امیت شاہ نے کانگریس کو 1971 اور 1965 کی جنگوں کی غلطیوں کی یاد دلائی۔ یہ بھی پوچھا کہ ممبئی حملے کے بعد کانگریس نے پاکستان کو سبق سکھانے کے لیے کیا اقدامات کیے؟ جب کہ بی جے پی حکومت نے 2014 کے بعد اڑی حملہ، پلوامہ حملہ اور اب پہلگام حملے کا منہ توڑ جواب دیا ہے۔