ایودھیا: مودی نے روڈ شو کیا

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 25-11-2025
ایودھیا: مودی نے روڈ شو کیا
ایودھیا: مودی نے روڈ شو کیا

 



ایودھیا/ آواز دی وائس
وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کے روز ایودھیا میں پرچم کشائی کی تقریب کے سلسلے میں رام مندر کمپلیکس تک روڈ شو کیا، جو مندر کی تعمیر کی باضابطہ تکمیل کا نشان ہے۔ وزیر اعظم نے مرکزی پروگرام سے قبل رام جنم بھومی مندر کمپلیکس کے اندر واقع سپت مندر میں بھی حاضری دی اور پوجا کی۔
مودی نے فیس بُک پر لکھا کہ شری رام جنم بھومی مندر میں دھواجاروہن اتسو میں شرکت کے لیے ایودھیا پہنچ گیا! راستے میں بڑی تعداد میں لوگ، جن میں خواتین اور نوجوان شامل تھے، ان کا استقبال کرنے کے لیے کھڑے تھے اور ان پر پھول برسائے۔ اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اور گورنر آنندی بین پٹیل نے اس سے پہلے مہارشی والمیکی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر وزیر اعظم کا استقبال کیا۔
یوگی آدتیہ ناتھ نے ایکس پر ہندی میں لکھا کہ مقدس شہروں میں سب سے اولین، شری ایودھیا دھام میں محترم وزیر اعظم نریندر مودی جی کا دل سے استقبال اور خیرمقدم۔ وزیر اعظم کے قافلے کے گزرتے وقت کئی لوگوں نے ترنگا لہرایا، جبکہ کچھ افراد کے ہاتھ میں کمل کے نشان والا بی جے پی کا جھنڈا تھا۔ راستے میں سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے۔
روڈ شو کے بعد، مودی نے نو تعمیر شدہ سپت مندر کا دورہ کیا، جہاں مہارشی وشیستھ، مہارشی ویشوامتر، مہارشی اگستیہ، مہارشی والمیکی، دیوی اہلیہ، نشاندر اج گوہا اور ماتا شبری کے مندر قائم ہیں۔