نئی دہلی
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے ہفتے کے روز بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی صدر نتن نوین کو ان کی سالگرہ پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کا کام قوم کی تعمیر اور عوامی خدمت کے اعلیٰ اصولوں سے غیر متزلزل وابستگی کی عکاسی کرتا ہے۔
راجیہ سبھا کے رکن نتن نوین ہفتے کے روز 46 برس کے ہو گئے۔نریندر مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس" پر ایک پوسٹ میں کہا کہ بی جے پی کے قومی صدر نتن نوین کو سالگرہ کی دل کی گہرائیوں سے مبارکباد۔ ایک نوجوان اور پُرجوش رہنما کے طور پر انہوں نے تنظیم کو مضبوط بنانے اور ہمارے کارکنوں کو بااختیار بنانے کے لیے خود کو پوری طرح وقف کر رکھا ہے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ نتن نوین کے جدید اور تخلیقی نظریات، متحرک قیادت اور تنظیمی امور و انتظامیہ کے بارے میں گہری سمجھ بوجھ نے انہیں ہر سطح پر عزت و احترام دلایا ہے۔مودی نے مزید کہا کہ ان کا کام قوم کی تعمیر اور خدمت کے نظریات کے ساتھ ان کی غیر متزلزل وابستگی کو ظاہر کرتا ہے۔ میں ان کی طویل اور صحت مند زندگی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں تاکہ وہ مسلسل ملک کی خدمت کرتے رہیں۔
نتن نوین کی پیدائش 23 مئی 1980 کو رانچی میں ہوئی تھی۔
وہ بہار اسمبلی کے پانچ مرتبہ رکن منتخب ہو چکے ہیں اور ریاستی حکومت میں وزیر کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔کابینہ وزیر کی حیثیت سے انہوں نے بہار حکومت میں سڑک تعمیرات، شہری ترقی و رہائش اور قانون جیسے اہم محکموں کی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں۔