نئی دہلی: نریندر مودی نے منگل کے روز متحدہ عرب امارات کے شہر فجیرہ پر ہونے والے حملوں کی سخت مذمت کی، جن میں تین بھارتی شہری زخمی ہو گئے۔ فجیرہ کے ایک اہم تیل کے صنعتی علاقے میں ڈرون حملوں کے باعث لگی آگ میں بھارتیوں کے زخمی ہونے کے ایک دن بعد مودی نے ان حملوں کی شدید مذمت کی۔
یو اے ای نے اس حملے کا ذمہ دار ایران کو ٹھہرایا ہے۔ مودی نے سوشل میڈیا پر کہا: ’’میں یو اے ای پر ہونے والے ان حملوں کی سخت مذمت کرتا ہوں، جن میں تین بھارتی شہری زخمی ہوئے ہیں۔ عام شہریوں اور بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانا ناقابلِ قبول ہے۔‘
‘ انہوں نے مزید کہا: ’’بھارت یو اے ای کے ساتھ مکمل یکجہتی میں کھڑا ہے اور بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے تمام مسائل کے پرامن حل کی حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔‘‘ وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ آبنائے ہرمز سے محفوظ اور بلا رکاوٹ جہاز رانی کو یقینی بنانا علاقائی امن، استحکام اور عالمی توانائی سلامتی کے لیے نہایت اہم ہے۔ فجیرہ پر حملہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب آبنائے ہرمز میں امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی کو لے کر کشیدگی جاری ہے۔
آبنائے ہرمز سے دنیا کے تقریباً 20 فیصد تیل اور گیس کی ترسیل ہوتی ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات میں ایک بڑی رکاوٹ بنی ہوئی ہے۔ اس تنازع کے باعث اس تنگ سمندری راستے سے گزرنے والے جہازوں کی آمد و رفت بری طرح متاثر ہوئی ہے، جس سے تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور کئی ممالک میں توانائی کی کمی پیدا ہو گئی ہے۔
یو اے ای کی وزارتِ دفاع نے پیر کے روز کہا کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے ایران سے داغی گئی 12 بیلسٹک میزائل، تین کروز میزائل اور چار ڈرون کو تباہ کر دیا۔ وزارت نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ وہ ’کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے اور ملک کی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کا مضبوطی سے مقابلہ کرے گی۔‘