نئی دہلی (پی ٹی آئی) بی جے پی کے صدر جے پی نڈا نے پیر کے روز وزیر اعظم نریندر مودی کے گیارہ سالہ دورِ حکومت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں حکومت کی جانب سے کیے گئے کاموں کو "سنہری حروف" میں لکھا جانا چاہیے۔بی جے پی کے ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی نے ملک کی سیاسی ثقافت کو تبدیل کیا اور کارکردگی اور اچھی حکمرانی کی سیاست کی شروعات کی، جبکہ کانگریس کی قیادت والی یو پی اے حکومت کا دور "بدعنوانی، گھوٹالوں اور خوشامدی سیاست" کے لیے جانا جاتا تھا۔
نڈا نے زور دے کر کہا کہ گزشتہ گیارہ برسوں میں وزیر اعظم مودی کی قیادت میں حکومت کی جانب سے کیے گئے کام غیر معمولی ہیں اور انہیں سنہری حروف میں لکھا جانا چاہیے۔انہوں نے لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کے حالیہ ریمارکس پر شدید تنقید کی، جنہوں نے "آپریشن سندور" اور مہاراشٹرا اسمبلی انتخابات 2024 پر سوال اٹھائے تھے۔ نڈا نے الزام لگایا کہ راہل گاندھی ایک "غیر ذمہ دار" اپوزیشن لیڈر کا کردار ادا کر رہے ہیں جو بے بنیاد سوالات اٹھا رہے ہیں۔
بی جے پی صدر نے کہاکہ بھگوان انہیں عقل دے، جب ان سے کانگریس لیڈر کے بیانات پر تبصرہ کرنے کو کہا گیا تو انہوں نے یہ جواب دیا۔جب ان سے اپوزیشن کے ان دعوؤں کے بارے میں سوال کیا گیا کہ 2024 کے انتخابات میں بی جے پی کو خود اکثریت نہ ملنے کے بعد حکومت غیر مستحکم ہو سکتی ہے، تو نڈا نے طنزیہ انداز میں کہا کہ مودی حکومت نہ صرف اپنی موجودہ مدت مکمل کرے گی بلکہ اگلی مدت بھی حاصل کرے گی۔نڈا نے کہا کہ وزیر اعظم مودی نے ایک ذمہ دار اور مضبوط حکومت فراہم کی، اور دفعہ 370 کی منسوخی، تین طلاق کا خاتمہ، وقف ایکٹ میں ترمیم، نوٹ بندی، خواتین ریزرویشن بل جیسے جراتمندانہ فیصلوں کی مثالیں دیں۔انہوں نے مزید کہا:2014 سے پہلے کی حکومت بدعنوانی سے بھری ہوئی تھی اور ملک میں مایوسی کا ماحول تھا... لیکن 2014 کے بعد وزیر اعظم مودی کی قیادت میں یہ جذبہ بدل گیا۔ اب لوگ فخر سے کہتے ہیں، 'مودی ہے تو ممکن ہے'۔"وزیر اعظم مودی نے 9 جون 2024 کو تیسری مدت کے لیے حلف لیا۔ مودی حکومت نے اپنی تیسری مدت کے پہلے سال اور مجموعی طور پر گیارہویں سال کا آغاز پیر کے روز کیا۔