نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ، 28 اگست کو بچوں کے ساتھ رکشا بندھن کا تہوار منایا۔ اس موقع پر بچوں نے وزیر اعظم کی کلائی پر راکھی باندھی۔ پی ایم مودی نے بچوں سے بات چیت کی اور ان کے ساتھ رکشا بندھن کی خوشیاں بانٹیں۔ وزیر اعظم کی رہائش گاہ 7، لوک کلیان مارگ پر اس موقع پر ایک خصوصی پروگرام منعقد کیا گیا، جس میں بڑی تعداد میں بچے شریک ہوئے۔
پی ایم مودی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پروگرام کی تصاویر اور ویڈیوز بھی شیئر کی گئیں۔ پی ایم مودی بچوں کے درمیان کافی خوش اور بے تکلف نظر آئے۔ انہوں نے ملک کے عوام کو رکشا بندھن کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ تہوار بھائی اور بہن کے درمیان محبت، شفقت اور اعتماد کی علامت ہے۔ پی ایم مودی نے ’ایکس‘ پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا، ’’رکشا بندھن کی بہت بہت مبارکباد۔ یہ مقدس تہوار آپ سب کی زندگی میں خوشحالی، ترقی اور کامیابی لے کر آئے۔ محبت، اپنائیت اور باہمی اعتماد کا رشتہ ہمیشہ مضبوط اور اٹوٹ رہے، یہی میری دعا ہے۔‘‘
High fives, smiles and more during today’s Raksha Bandhan celebrations at 7, LKM. pic.twitter.com/dMTJHxlVhH
— Narendra Modi (@narendramodi) August 28, 2026
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے بھی اپنی رہائش گاہ پر بچوں کے ساتھ رکشا بندھن منایا اور ان سے راکھی بندھوائی۔ انہوں نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ نئی دہلی میں ان کی رہائش گاہ پر رکشا بندھن منایا گیا اور انہوں نے نوجوان ہندوستان کے ساتھ اس تہوار کی خوشیاں اور محبت بانٹی۔ راج ناتھ سنگھ نے ملک کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ رکشا بندھن بھائی اور بہن کے درمیان اٹوٹ محبت، باہمی اعتماد اور اپنائیت کا تہوار ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ تہوار ہماری عظیم ثقافتی وراثت اور اقدار کی خوبصورت جھلک پیش کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ رکشا بندھن ہمیں خواتین کے احترام، تحفظ اور وقار کے لیے پرعزم رہنے کی ترغیب بھی دیتا ہے۔ انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ ہمارا معاشرہ خواتین کے احترام، خود اعتمادی اور بااختیار بنانے کے تئیں مزید بیدار اور حساس بنے۔