نئی دہلی: وزیرِ اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو کہا کہ مرکزی حکومت شمال مشرقی ریاستوں اروناچل پردیش اور ناگالینڈ میں سیلاب سے پیدا ہونے والی مشکلات سے نمٹنے کے لیے متعلقہ ریاستی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گی۔ وزیرِ اعظم نے یہ بات اروناچل پردیش اور ناگالینڈ کے ارکانِ پارلیمنٹ کے ایک وفد سے ملاقات کے بعد کہی۔
انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا، "اروناچل پردیش اور ناگالینڈ کے ارکانِ پارلیمنٹ سے ملاقات ہوئی۔ ہم نے دونوں ریاستوں میں سیلاب کی صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی۔ مرکزی حکومت ان چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے ریاستی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کرتی رہے گی۔ میں سب کی سلامتی اور خیریت کے لیے دعا گو ہوں۔
" اجلاس میں شریک مرکزی وزیر برائے پارلیمانی امور کرن رجیجو نے بتایا کہ وزیرِ اعظم نے دونوں ریاستوں کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور متاثرہ افراد تک بروقت راحت اور امداد پہنچانے کے لیے ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔ رجیجو نے ایکس پر لکھا، "اروناچل پردیش اور ناگالینڈ کے ارکانِ پارلیمنٹ نے پارلیمنٹ ہاؤس میں وزیرِ اعظم نریندر مودی سے ملاقات کرکے دونوں ریاستوں میں سیلاب کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔
وزیرِ اعظم نے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی اور متاثرین تک بروقت امداد پہنچانے کے لیے ضروری ہدایات دیں۔" واضح رہے کہ اروناچل پردیش اور ناگالینڈ دونوں ریاستیں شدید بارش اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثر ہوئی ہیں، جس کے باعث جان و مال کا نقصان ہوا ہے۔ ادھر ناگالینڈ اور آسام کے بعض علاقوں میں شدید بارش کے باعث آسام کے تین اضلاع میں شدید سیلاب آیا، جس میں 70 سے زائد افراد ہلاک، تین لاکھ سے زیادہ لوگ متاثر ہوئے، جبکہ وسیع علاقے زیرِ آب آ گئے۔