پنجاب کے لیے 1,600 کروڑ روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 10-09-2025
 پنجاب کے لیے 1,600 کروڑ روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا
پنجاب کے لیے 1,600 کروڑ روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا

 



چنڈی گڑھ: وزیراعظم نریندر مودی نے منگل کو پنجاب میں 1988 کے بعد بدترین سیلاب کی تباہ کاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے ریاست کے لیے 1,600 کروڑ روپے کی امداد کا اعلان کیا۔یہ امداد اس 12,000 کروڑ روپے کے علاوہ ہے جو پہلے ہی ریاستی خزانے میں موجود ہے۔ وزیر اعظم کے دورے سے قبل عام آدمی پارٹی کی حکومت نے مطالبہ کیا تھا کہ پنجاب کے لیے کم از کم 20,000 کروڑ روپے کا ریلیف پیکیج دیا جائے۔مودی نے سیلاب اور دیگر قدرتی آفات میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو دو لاکھ روپے اور شدید زخمیوں کو 50 ہزار روپے کی امداد کا بھی اعلان کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ صورت حال انتہائی سنگین ہے لیکن ریاستی اور مرکزی حکومتیں مل کر ہر ممکن کوشش کریں گی تاکہ عوام کو اس بحران سے نکالا جا سکے۔انہوں نے متاثرہ علاقوں کا فضائی سروے کیا اور گورداسپور میں ایک سرکاری اجلاس کی صدارت کی، جہاں انہوں نے حکام اور عوامی نمائندوں سے بحالی اور ریلیف اقدامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر مودی نے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی اور کہا کہ ’’حکومت کندھے سے کندھا ملا کر آپ کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے اعلان کیا کہ ریاستی حکومت کو فوری طور پر 1,600 کروڑ روپے دیے جائیں گے تاکہ سیلابی ریلیف کے کاموں کو تیزی سے انجام دیا جا سکے۔مودی نے متاثرہ افراد سے گفتگو کے دوران کہا کہ میں آپ کے لیے آیا ہوں۔ کوئی شہری یہ محسوس نہ کرے کہ اس کا سہارا کوئی نہیں۔ یہ وہ وقت ہے جب حکومت کو عوام کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے اور پورا نظام حساسیت کے ساتھ کام کرے

اس موقع پر ایک متاثرہ شخص نے وزیراعظم کو ایک قلم بطور تحفہ دیا۔سرکاری میٹنگ میں پنجاب کے گورنر گلاب چند کٹاریا، وزیر زراعت گرمیت سنگھ کھُدیان، مرکزی وزیر رویندر سنگھ بٹو، اور صوبائی ریونیو وزیر ہر دیپ سنگھ منڈیان بھی موجود تھے۔پنجاب کے چیف سیکریٹری کے اے پی سنہا نے ریاست کو ہونے والے وسیع نقصان کی تفصیلات پیش کیں۔ وزیراعلیٰ بھگونت مان طبیعت ناساز ہونے کی وجہ سے اجلاس میں شریک نہ ہو سکے۔سیلاب کے باعث پنجاب میں اب تک 52 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ 1.91 لاکھ ہیکٹر رقبے پر کھڑی فصلیں تباہ ہو گئی ہیں۔

وزیراعظم نے اعلان کیا کہ یتیم بچوں کو ’’پی ایم کیئرز فار چلڈرن‘‘ اسکیم کے تحت مکمل معاونت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ گھروں کی تعمیر نو، قومی شاہراہوں اور اسکولوں کی بحالی، زرعی آلات کی فراہمی، اور کسانوں کے لیے خصوصی امداد مرکزی حکومت کی ترجیح ہوگی۔مرکزی حکومت نے مزید امداد کے تعین کے لیے بین الوزارتی ٹیمیں پنجاب روانہ کر دی ہیں تاکہ نقصانات کا تفصیلی جائزہ لیا جا سکے۔مودی نے این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف، فوج اور دیگر اداروں کے فوری ریلیف اقدامات کو سراہا اور کہا کہ ریاست اس وقت اپنی تاریخ کے بدترین سیلابی بحران سے گزر رہی ہے۔