دہلی این سی آر میں خوشگوار موسم

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 14-07-2025
دہلی این سی آر میں خوشگوار موسم
دہلی این سی آر میں خوشگوار موسم

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
دہلی-این سی آر میں ساون کے پہلے پیر یعنی آج صبح سے ہی موسلادھار بارش ہو رہی ہے۔ جہاں یہ بارش لوگوں کو گرمی سے بڑی راحت دے رہی ہے، وہیں کئی علاقوں میں پانی بھر جانے کے سبب عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ صبح کے وقت بارش ہونے کی وجہ سے لوگوں کو دفتر پہنچنے میں دشواری ہو رہی ہے۔ سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے جگہ جگہ ٹریفک جام دیکھنے کو ملا، جس کے باعث گاڑیاں رینگ رینگ کر چلتی رہیں۔
اتوار کے دن دن بھر بادلوں کی آنکھ مچولی جاری رہی، اور وقفے وقفے سے دھوپ بھی نکلتی رہی۔ اگرچہ موسم میں نمی کی وجہ سے حبس برقرار تھا، لیکن یہ معمولی حد تک کم محسوس ہوئی۔ شام کے وقت اچانک موسم نے کروٹ بدلی اور تیز ہواؤں کے ساتھ دہلی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش شروع ہو گئی۔ دلچسپ بات یہ رہی کہ دن میں جہاں محکمہ موسمیات نے کسی بھی طرح کا الرٹ جاری نہیں کیا تھا، وہیں شام کو اچانک ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، اتوار کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے 0.7 ڈگری کم یعنی 38.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جب کہ کم سے کم درجہ حرارت 25.1 ڈگری سیلسیس رہا، جو معمول سے 2.2 ڈگری کم تھا۔ ہوا میں نمی کا تناسب 98 سے 67 فیصد کے درمیان ریکارڈ کیا گیا، جب کہ ہوا کی زیادہ سے زیادہ رفتار 57 کلومیٹر فی گھنٹہ رہی۔
موسم کی اس تبدیلی کے سبب جہاں گرمی اور حبس میں کمی آئی، وہیں درجہ حرارت میں بھی گراوٹ برقرار رہی۔ محکمہ موسمیات نے اپنے نئے اندازے میں کہا ہے کہ جنوب مشرق کی جانب سے آنے والے بادلوں کے گروپ کے باعث دہلی-این سی آر کے کچھ حصوں میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش ہو سکتی ہے۔ پیر کے دن پورے شہر میں بادل چھائے رہنے اور درمیانی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 اور کم سے کم درجہ حرارت 26 ڈگری سیلسیس کے قریب رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔