اجیت ڈوول کو نشانہ بنانے کی سازش بے نقاب

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 13-02-2021
قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈووال
قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈووال

 

نئی دہلی۔ قومی سلامتی کے مشیر (این ایس اے) اجیت ڈووال کی جان کو خطرہ ہے جو سرحد پار کے دہشت گردگروپ کے نشانہ پر ہیں۔ اس کا انکشاف جیش محمد کے ایک گرفتار شدہ دہشت گرد نے کیا ہے۔جس کے بعد اجیت ڈووال کے دفتر اور رہائش گاہ پر سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے- جیش محمد کے دہشت گرد کے اس انکشاف نے سنسنی پیدا کردی ہے۔

گرفتار شدہ دہشت گرد نے کہا تھا کہ اس نے سردار پٹیل بھون سمیت دہلی میں واقع ملک  کے اہم ترین دفاترکی نگرانی کی تھی- اجیت ڈووال 2016 میں ہونے والی اوڑی سرجیکل اسٹرائیک اور 2019 میں ہونے والے بالاکوٹ حملوں کے بعد سے ہی دہشت گرد گروہوں کے نشانہ پر رہے ہیں- مسٹراجیت ڈووال کا شمار ملک کی ان اہم ترین شخصیات میں ہوتا ہے جس کی سیکیورٹی سب سے سخت ہوتی ہے۔

یہ دہشت گرد جس کا نام حیات اللہ ملک ہے ،کشمیر کے شوپیان میں چھ فروری کو گرفتار ہوا تھا  وہ جیش  محمد کی حامی تنظیم لشکر مصطفے کا سربراہ ہے۔اس کو ہتھیاروں کے ساتھ گرفتار کیا گیا تھا۔اس نے پوچھ تاچھ میں بتایا کہ وہ پچھلے سال مئی میں دہلی آیا تھا اور این ایس اے کی عمارت کا ویڈیو بنا کر پاکستان میں اپنے آقا کو واٹس ایپ سے بھیجا تھا۔