جموں و کشمیر: نیٹ ورک بحال، امدادی کارروائیاں جاری

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 27-08-2025
جموں و کشمیر: نیٹ ورک بحال، امدادی کارروائیاں جاری
جموں و کشمیر: نیٹ ورک بحال، امدادی کارروائیاں جاری

 



سری نگر/ آواز دی وائس
جموں و کشمیر میں مسلسل بھاری بارش، سیلاب اور  لینڈ سلائنڈنگ  کی وجہ سے عام زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ اس کے سبب مواصلاتی نظام پر بھی خاصا اثر پڑا اور دوسرے دن بھی ٹیلی کام سروسز کے بند رہنے سے لوگوں کی مشکلات بڑھ گئیں۔ انتظامیہ نیٹ ورک کو درست کرنے کی مسلسل کوشش میں تھا، تاہم اب حکام کا کہنا ہے کہ آپٹیکل فائبر کو نقصان پہنچنے کے 24 گھنٹے بعد آج بدھ کو مرکز کے زیرانتظام اس خطے میں تمام نیٹ ورکس پر فون اور ٹیلی کام خدمات بحال کر دی گئی ہیں۔ ساتھ ہی متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن بھی جاری ہے۔
حکام نے بتایا کہ موبائل انٹرنیٹ، فائبر اور لینڈ لائن انٹرنیٹ سمیت فون اور انٹرنیٹ خدمات بحال کر دی گئی ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ صارفین اب تمام نیٹ ورکس پر 5 جی  اسپیڈ کا بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ جموں ریجن میں آپٹیکل فائبر کو دوبارہ جوڑنے کے بعد یہ بحالی ممکن ہوئی۔
جموں ریجن کو ہوا خاصا نقصان
دو دنوں سے مسلسل بھاری بارش کی وجہ سے جموں ریجن کو کافی نقصان پہنچا۔ کئی مقامات پر لینڈ سلائنڈنگ ہوا، پل ٹوٹ گئے، سڑکیں تباہ ہو گئیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ جموں ریجن میں بھاری بارش اور سیلاب کے دوران کئی جگہوں پر فائبر کو نقصان پہنچنے کی اطلاع ملی تھی اور ہم نے فوری طور پر تکنیکی ٹیموں کو کام پر لگا دیا تھا، جس کے سبب مواصلاتی نیٹ ورک بری طرح متاثر ہوا۔ نیٹ ورک کے بند ہو جانے کی وجہ سے بینکنگ سروسز پر بھی گہرا اثر پڑا۔
کل منگل کو جموں و کشمیر میں موسلا دھار بارش کے باعث زیادہ تر مقامات، خاص طور پر جموں ریجن میں تباہی مچنے کے بعد سبھی کمپنیوں کے نیٹ ورک متاثر ہو گئے تھے۔ اس وجہ سے یہ خطہ معلومات کے لحاظ سے کٹ گیا۔ کمیونیکیشن بلیک آؤٹ کے سبب ایمرجنسی ریسپانس اقدامات میں بھی رکاوٹ پیدا ہوئی اور لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
مرکز کا ٹیلی کام کمپنیوں کو حکم
مرکز نے منگل کی رات ایک بڑے اقدام کے تحت تمام ٹیلی کام سروس پرووائیڈرز کو 2 ستمبر تک جموں و کشمیر میں انٹرا-سرکل رومنگ  سہولت فوراً فعال کرنے کا حکم دیا۔ یہ ہدایت بھارٹی ایئرٹیل، ریلائنس جیو، بی ایس این ایل اور ووڈافون-آئیڈیا کے ریگولیٹری سربراہان کو بھیج دی گئی ہے۔
ٹیلی کام خدمات بدھ کی دوپہر تک متاثر رہیں۔ خود وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے بھی اعتراف کیا کہ ٹیلی کام سروسز کے بند ہونے کی وجہ سے وہ بھی خود کو کٹا ہوا محسوس کر رہے ہیں۔ انہوں نے ایکس پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا کہ اب بھی مواصلات سے جڑی کئی مشکلات کا سامنا ہے۔ جیو موبائل پر تھوڑا بہت ڈیٹا مل رہا ہے، لیکن فکسڈ لائن وائی فائی کام نہیں کر رہا، براؤزنگ نہیں ہو رہی، کوئی ایپ نہیں چل رہی، ایکس  جیسی چیزیں بہت آہستہ کھلتی ہیں اور اس وجہ سے جھنجھلاہٹ ہوتی ہے۔
جموں و کشمیر میں منگل کو تمام مواصلاتی خدمات بند ہو گئی تھیں۔ موسلا دھار بارش کے سبب مختلف جگہوں پر آپٹیکل فائبر کو شدید نقصان پہنچا تھا۔