راجستھان،یوپی کے اسکولوں میں بیرونی افراد کے داخلے پر پابندی کے خلاف عرضی خارج

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 03-09-2026
راجستھان،یوپی کے اسکولوں میں بیرونی افراد کے داخلے پر پابندی کے خلاف عرضی خارج
راجستھان،یوپی کے اسکولوں میں بیرونی افراد کے داخلے پر پابندی کے خلاف عرضی خارج

 



نئی دہلی: سپریم کورٹ نے راجستھان اور اتر پردیش کے سرکاری اسکولوں میں صحافیوں، یوٹیوبرز، سوشل میڈیا انفلوئنسرز اور سول سوسائٹی کے ارکان کے داخلے پر محکمہ تعلیم کی جانب سے عائد پابندیوں کو چیلنج کرنے والی مفادِ عامہ کی عرضی (PIL) خارج کر دی ہے۔ اس عرضی کا خارج ہونا اس لیے بھی اہم سمجھا جا رہا ہے کہ حال ہی میں راجستھان میں ’’اسکول ٹھیک کرو‘‘ مہم کے تحت ایک سرکاری اسکول کا معائنہ کرنے گئے ’کاکروچ جنتا پارٹی‘ (کاجپا) کے کارکنوں پر حملہ کیا گیا تھا۔

جسٹس پی ایس نرسمہا اور جسٹس آلوک آرادھے کی بنچ نے پریا مشرا کی جانب سے دائر عرضی خارج کر دی۔ بنچ نے یکم ستمبر کے اپنے حکم میں کہا، ’’ہم ہندوستان کے آئین کے آرٹیکل 32 کے تحت دائر اس رِٹ پٹیشن پر غور کرنے کے خواہش مند نہیں ہیں۔‘‘ مفادِ عامہ کی اس عرضی میں سرکاری اسکولوں میں فوٹوگرافی، ویڈیوگرافی، انٹرویو، آڈیو ریکارڈنگ اور لائیو اسٹریمنگ پر عائد پابندیوں کو بھی چیلنج کیا گیا تھا۔

خاص طور پر راجستھان کے ڈائریکٹر آف سیکنڈری ایجوکیشن کی جانب سے 16 اگست کو جاری کیے گئے سرکلر کو چیلنج کیا گیا تھا، جس کے تحت بیرونی افراد کے لیے سرکاری اسکول کے احاطے میں داخل ہونے سے پہلے پرنسپل سے پیشگی اجازت لینا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

سرکلر کے مطابق فوٹوگرافی، ویڈیوگرافی، انٹرویو، آڈیو ریکارڈنگ اور لائیو اسٹریمنگ کے لیے بھی پہلے سے تحریری اجازت لینا ضروری ہے۔ عرضی میں ایودھیا کے ضلع بنیادی تعلیم افسر کے 19 اگست کے حکم کو بھی چیلنج کیا گیا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ بیرونی افراد، یوٹیوبرز اور سوشل میڈیا سے وابستہ لوگ مجاز افسر کی منظوری کے بغیر ’کونسل اسکولوں‘ میں داخل نہ ہوں اور نہ ہی وہاں تصاویر کھینچیں یا ویڈیو بنائیں۔ عرضی میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ اتر پردیش کے دیگر اضلاع میں بھی اسی طرح کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔