نئی دہلی: دیوالی سے پہلے سپریم کورٹ نے بڑا فیصلہ سناتے ہوئے دہلی-این سی آر میں ہر قسم کے پٹاخے کی فروخت پر پابندی عائد کر دی ہے۔ تاہم، سپریم کورٹ نے جمعہ کو پٹاخہ سازوں کو گرین پٹاخے بنانے کی اجازت دی ہے۔ لیکن عدالت نے واضح کیا کہ یہ پٹاخے دہلی-این سی آر میں فروخت نہیں کیے جائیں گے، جب تک اگلا حکم نہ آئے۔
عدالت نے شرط رکھی ہے کہ صرف وہی لوگ گرین پٹاخے تیار کریں گے جن کے پاس گرین پٹاخے کا سرٹیفیکیٹ ہوگا، جو نیری (NEERI) اور پیسو (PESO) جیسی مجاز ایجنسیوں سے جاری کیا گیا ہو۔ بتایا گیا ہے کہ پٹاخہ سازوں کو یہ بھی تحریری یقین دہانی دینی ہوگی کہ وہ دہلی-این سی آر میں کوئی پٹاخہ فروخت نہیں کریں گے۔ یہ حکم اس لیے دیا گیا ہے کیونکہ اس علاقے میں دیوالی کے وقت آلودگی کا سطح بہت بڑھ جاتا ہے۔
اس معاملے پر اگلی سماعت میں سپریم کورٹ یہ طے کرے گی کہ مستقبل میں فروخت کے بارے میں کیا اقدامات کیے جائیں۔ واضح رہے کہ چیف جسٹس بی آر گاوائی کی صدارت والی بینچ نے یہ فیصلہ سنایا۔ عدالت نے کہا کہ وہ پورے ملک میں پٹاخوں کی فروخت اور تیاری پر مکمل پابندی نہیں لگا سکتی، کیونکہ مرکزی حکومت نے اس بارے میں کوئی قومی سطح پر پابندی تجویز نہیں کی ہے۔
سپریم کورٹ کا یہ اقدام دہلی-این سی آر میں بڑھتی ہوئی آلودگی کو دیکھتے ہوئے اٹھایا گیا ہے۔ نومبر 2024 میں دہلی کا اوسط AQI 494 تک پہنچ گیا تھا، جس سے شہر گھنے دھوئیں کی چادر میں لپٹ گیا اور لوگوں کے لیے سانس لینا مشکل ہو گیا تھا۔ سپریم کورٹ کا یہ فیصلہ دیوالی سے بالکل پہلے آیا ہے، جب پٹاخوں کی فروخت اور جلانے سے آلودگی کی سطح اور زیادہ بڑھ سکتی تھی۔ اب دہلی-این سی آر میں پٹاخوں کی فروخت مکمل طور پر ممنوع رہے گی۔