بعض ججوں کی کارکردگی مایوس کن: جسٹس سوریہ کانت

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 21-08-2025
بعض ججوں کی کارکردگی مایوس کن: جسٹس سوریہ کانت
بعض ججوں کی کارکردگی مایوس کن: جسٹس سوریہ کانت

 



نئی دہلی: ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے جج جسٹس سوریہ کانت نے کچھ ہائی کورٹ کے ججوں کے کام کے تئیں وابستگی پر سوال اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ جج پوری دیانتداری اور لگن سے کام کر رہے ہیں، اور انصاف کے رہنما بن کر اپنی ذمہ داری نبھا رہے ہیں، لیکن دوسری طرف کچھ جج ایسے بھی ہیں جن کی کارکردگی بہت مایوس کن ہے۔

جسٹس سوریہ کانت نے کہا: جن لوگوں کی وابستگی میں کمی ہے، میں ان سے ایک گزارش کرنا چاہتا ہوں۔ جب بھی آپ رات کو سونے جائیں اور سر تکیے پر رکھیں، تو خود سے ایک سوال کریں: مجھ پر عوام کا ہر دن کتنا پیسہ خرچ ہو رہا ہے؟ جتنا اعتماد لوگوں نے مجھ پر کیا، کیا میں بدلے میں سماج کو اتنا کچھ دے پا رہا ہوں؟

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام "انصاف سب کے لیے" کے موضوع پر منعقدہ پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے جسٹس سوریہ کانت نے عدالتی معاملات کے فیصلے میں ہو رہی تاخیر، بار بار مقدمات کی تاریخ ملتوی ہونے، اور پیچیدہ مقدمات کی طویل شنوائی پر گہری تشویش ظاہر کی۔

انہوں نے کہا: کروڑوں لوگ نہ صرف اپنے مقدمات کی شنوائی کا انتظار کر رہے ہیں بلکہ وہ ہمیں یاد دلا رہے ہیں کہ ہمیں انصاف فراہم کرنے کے لیے مقرر کیا گیا ہے۔ اس پروگرام کی صدارت چیف جسٹس جسٹس بی آر گوئی نے کی، اور بار ایسوسی ایشن کے صدر وکاس سنگھ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

جسٹس سوریہ کانت نے اس بات پر بھی تشویش ظاہر کی کہ آج کل عدالت میں صرف امیر لوگوں کو ہی انصاف تک رسائی حاصل ہے۔ انہوں نے کہا:عدالتوں میں آج کل صرف سینئر وکلاء کے مقدمات کی شنوائی ہو رہی ہے۔ کیا ہم اس طرح سے انصاف کے مقصد کو پورا کر پا رہے ہیں؟