لکھنو : لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے بدھ کے روز کہا کہ لوگ انتخابات میں اس امید کے ساتھ ووٹ ڈالتے ہیں کہ ان کے منتخب نمائندے ان کے مسائل، مشکلات اور چیلنجز کو قانون ساز اداروں تک پہنچائیں گے اور انہیں حل کرنے کی سمت میں کام کریں گے۔
برلا نے یہاں 86ویں آل انڈیا پریذائیڈنگ آفیسرز کانفرنس اور قانون ساز اداروں کے سیکریٹریز کی 62ویں کانفرنس کے اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ مقننہ وہ پلیٹ فارم ہے جس کے ذریعے آخری شخص کی آواز حکومت تک پہنچتی ہے۔ ان کا کہنا تھا: "جب کوئی شہری ووٹ ڈالتا ہے تو وہ اس اعتماد کے ساتھ ایسا کرتا ہے کہ اگلے پانچ برسوں تک اس کا منتخب نمائندہ اس کے مسائل ایوان کے سامنے رکھے گا اور ان کے حل کی کوشش کرے گا۔
عدلیہ کی مثال دیتے ہوئے برلا نے کہا کہ جس طرح لوگ عدالتوں پر غیر جانبدار سماعت کا بھروسہ کرتے ہیں، اسی طرح وہ مقننہ سے بھی مثبت سوچ اور تعمیری نقطۂ نظر کے ساتھ کام کرنے کی توقع رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا: "اگر نمائندے مثبت نیت کے ساتھ مسائل اٹھائیں اور بامقصد بحث کے ذریعے سمت متعین کریں تو یقیناً مقننہ کے ذریعے نتائج سامنے آئیں گے۔
برلا نے اس بات پر زور دیا کہ پریذائیڈنگ آفیسرز اور سیکریٹریز کی کانفرنسیں جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے اور انہیں عوامی توقعات کے تئیں زیادہ جوابدہ، شفاف اور ذمہ دار بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے قانون ساز اجلاسوں کی تعداد بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ایوانوں کی کارروائی کے کم ہوتے دورانیے پر بارہا تشویش ظاہر کی گئی ہے۔
لوک سبھا اسپیکر نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش ہونی چاہیے کہ ریاستی اسمبلیاں سال میں کم از کم 30 دن اجلاس منعقد کریں اور مثبت، مسئلہ پر مبنی مباحث میں حصہ لیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جمہوری اداروں کو عوام کے قریب لانے اور ان کے کام کاج کو ترقی یافتہ بھارت کی تعمیر کے مقصد سے جوڑنے کے لیے مسلسل مکالمہ، جدت اور اصلاحات کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اور اسمبلی اسپیکر ستیش مہانا بھی موجود تھے۔ اوم برلا نے جمہوری اقدار کو مضبوط بنانے کے لیے اتر پردیش کی جانب سے کی گئی پہل کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ مقننہ کے اندر مسلسل بحث و مکالمہ ریاستوں کو ترقی اور اچھے طرزِ حکمرانی کی سمت میں مسلسل آگے بڑھنے میں مدد دے گا۔