امریکہ نے ہریانہ کے 50 افراد کو ملک بدر کر دیا

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 27-10-2025
امریکہ نے ہریانہ کے 50 افراد کو ملک بدر کر دیا
امریکہ نے ہریانہ کے 50 افراد کو ملک بدر کر دیا

 



چندی گڑھ/ آواز دی وائس
امریکہ نے اتوار کے روز ہریانہ کے 50 افراد کو ڈی پورٹ کر دیا۔ ان لوگوں نے امریکہ جانے کے لیے اپنی زمینیں بیچ دیں، گھر گروی رکھ دیے اور بہتر زندگی کا وعدہ کرنے والے ایجنٹوں پر بھروسہ کیا، لیکن وہ غیر قانونی تارکینِ وطن کے خلاف امریکی کارروائی میں پھنس گئے۔
ہریانہ کے حکام کے مطابق، ڈی پورٹ کیے گئے افراد میں 16 کرنال، 14 کیتھل، 5 کروکشیتر اور ایک پانی پت کے رہنے والے ہیں۔
حکام نے بتایا کہ یہ تمام افراد ڈنکی روٹ کے ذریعے امریکہ گئے تھے۔ کچھ نے وہاں کئی سال گزارے، تو کچھ صرف چند مہینے۔ ڈی پورٹ ہونے سے پہلے کئی افراد جیل بھی جا چکے تھے۔
فلائٹ میں سوار افراد میں کرنال کے رہرا گاؤں کے رہنے والے انکُر سنگھ بھی شامل تھے۔
انہوں نے بتایا کہ اکتوبر 2022 میں امریکہ پہنچنے کے لیے انہوں نے 29 لاکھ روپے خرچ کیے۔
انکُر سنگھ نے بتایا کہ میں نے کئی جنوبی امریکی ممالک کے راستے چار مہینوں میں امریکہ کا سفر مکمل کیا۔ میں نے ڈنکی روٹ منتخب کیا تھا، اور سب کچھ ٹھیک چل رہا تھا، مگر اس سال فروری میں مجھے جارجیا میں شراب کی ایک دکان پر کام کرتے ہوئے گرفتار کر لیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ بعد میں انہیں ایک حراستی کیمپ میں رکھا گیا۔ہم 24 اکتوبر کو ہندوستان واپس آنے کے لیے طیارے میں سوار ہوئے۔ ہماری فلائٹ میں ہریانہ کے تقریباً 50 افراد کے علاوہ پنجاب، حیدرآباد، گجرات اور گوا کے نوجوان بھی تھے۔ انکُر نے مزید بتایا کہ امریکہ جانے سے پہلے وہ کرنال کے ڈی اے وی کالج میں بی ایس سی کی تعلیم حاصل کر رہے تھے۔
اب تک کتنے شہریوں کو ڈی پورٹ کیا گیا
وزارتِ خارجہ کے مطابق، جنوری 2025 سے اب تک تقریباً 2500 ہندوستانی شہریوں کو آٹھ فوجی، چارٹر اور تجارتی پروازوں کے ذریعے امریکہ سے ڈی پورٹ کیا جا چکا ہے۔
ان میں پہلی پرواز 5 فروری کو امرتسر پہنچی تھی، جو امریکی فضائیہ کے C-17 طیارے میں 104 ہندوستانی شہریوں کو لائی تھی۔ زیادہ تر ڈی پورٹ شدہ افراد کا تعلق پنجاب، ہریانہ اور گجرات سے ہے۔
اتوار کو ڈی پورٹ ہونے والوں میں پوپرا گاؤں کا رہنے والا حُسن بھی شامل تھا، جو تین بہنوں کا اکلوتا بھائی ہے۔ حُسن نے ستمبر 2024 میں امریکہ جانے سے پہلے 12ویں جماعت تک تعلیم حاصل کی تھی۔ اس کے چچا سریندر سنگھ نے بتایا کہ خاندان نے ایجنٹوں کو 45 لاکھ روپے دینے کے لیے اپنی تین ایکڑ زمین فروخت کر دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ پہنچتے ہی اُسے گرفتار کر لیا گیا، یہ ہمارے لیے بہت بڑا صدمہ تھا۔ وہ اتوار کی رات ایک بجے کے بعد دہلی ایئرپورٹ پہنچے، ان کے ہاتھوں میں ہتھکڑیاں اور پیروں میں بیڑیاں لگی تھیں۔
سفر کے دوران ہمیں ہتھکڑیاں لگائی گئیں: نریش کمار
کرنال کے کلسی گاؤں کے رہنے والے ہریش ایک دلت مزدور خاندان سے ہیں۔ ہریش کے بھائی رنکو نے بتایا کہ وہ 2023 میں ورک ویزا پر کینیڈا گئے تھے، لیکن تقریباً ایک سال بعد وہ اگست میں امریکہ چلے گئے اور ایک دکان پر کام کرنے لگے۔ انہیں اسی سال فروری میں گرفتار کیا گیا۔ کیتھل کے تاراگرھ گاؤں کے رہنے والے نریش کمار ایک سال سے زیادہ حراست میں رہنے کے بعد واپس آئے۔ انہوں نے کہا کہ سفر کے دوران ہمیں ہتھکڑیاں لگائی گئیں، لیکن ہمارے ساتھ کوئی بدسلوکی نہیں کی گئی۔ ڈی پورٹ ہونے سے پہلے میں 14 ماہ تک جیل میں رہا۔
ہمارے ایجنٹوں نے ہمیں دھوکہ دیا: نریش کمار
نریش کمار نے بتایا کہ میں 9 جنوری 2024 کو دہلی سے نکلا اور 66 دن بعد برازیل کے راستے امریکہ پہنچا۔ ہمارے ایجنٹوں نے ہمیں دھوکہ دیا۔ انہوں نے مجھ سے 57.5 لاکھ روپے ہتھیا لیے۔ پہلے انہوں نے کہا تھا کہ 42 لاکھ میں کام ہو جائے گا، مگر وہ بار بار مزید رقم مانگتے رہے۔ میں نے ایک ایکڑ سے زیادہ زمین بیچی، سود پر 6 لاکھ روپے ادھار لیے، میرے بھائی نے 6.5 لاکھ میں زمین بیچی، اور ایک رشتہ دار نے 2.85 لاکھ روپے دیے۔
کیتھل کی ایس پی اپاسنا نے بتایا کہ ضلع کے 14 لوگوں کو اتوار دوپہر تقریباً 2 بجے دہلی سے لایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام لوگ ڈنکی روٹ کے ذریعے امریکہ میں داخل ہوئے تھے۔ ان میں سے ایک شخص محکمہ ایکسائز کے ایک معاملے میں مطلوب تھا اور کئی عدالتی سماعتوں میں شامل نہیں ہو پایا تھا۔