اتراکھنڈ میں 176 کروڑ روپے سے زائد پنشن تقسیم

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 04-06-2026
اتراکھنڈ میں 176 کروڑ روپے سے زائد پنشن تقسیم
اتراکھنڈ میں 176 کروڑ روپے سے زائد پنشن تقسیم

 



دہرادون: اتراکھنڈ کے وزیرِ اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے جمعرات کو دہرادون کے آئی آر ڈی ٹی آڈیٹوریم میں منعقدہ ریاستی سطح کے عوامی بیداری اور رہنمائی پروگرام میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے 9 لاکھ 74 ہزار 338 مستحقین کے بینک کھاتوں میں مجموعی طور پر 176 کروڑ 59 لاکھ روپے کی پنشن منتقل کی۔ وزیرِ اعلیٰ نے منشیات سے پاک معاشرے کے قیام اور بزرگ شہریوں کے احترام و نگہداشت کا عہد بھی دلوایا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پشکر سنگھ دھامی نے کہا کہ اس پروگرام سے سماجی بہبود کی اسکیموں کے فوائد معاشرے کے آخری فرد تک پہنچانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد یہ ہے کہ ہر مستحق شخص کو بغیر کسی امتیاز، تاخیر یا رکاوٹ کے فلاحی منصوبوں کا فائدہ ملے۔

وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ وزیرِ اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ’’سب کا ساتھ، سب کا وکاس، سب کا وشواس اور سب کا پریاس‘‘ کے وژن کے تحت ملک بھر میں فلاحی منصوبوں کو وسعت دی گئی ہے۔ جن دھن یوجنا، اجولا یوجنا، پردھان منتری آواس یوجنا، آیوشمان بھارت اور مفت راشن اسکیم جیسی منصوبوں سے لاکھوں افراد مستفید ہوئے ہیں، جبکہ اسٹینڈ اپ انڈیا، پردھان منتری مدرا یوجنا، پی ایم سواندھی، دین دیال انتودیہ یوجنا اور قومی روزگار مشن کے ذریعے معاشرے کے کمزور طبقات کو خود روزگار اور معاشی خودمختاری کے مواقع فراہم کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت سماجی انصاف کو مضبوط بنانے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے۔ انتودیہ منصوبے کے تحت مستحق خاندانوں کو سالانہ تین مفت ایل پی جی سلنڈر فراہم کیے جا رہے ہیں۔ معذور سرکاری ملازمین کے سفری الاؤنس میں اضافہ کیا گیا ہے جبکہ خواتین کو ’’لکھ پتی دیدی یوجنا‘‘ اور مختلف ہنر مندی پروگراموں کے ذریعے معاشی طور پر خودمختار بنایا جا رہا ہے۔

وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ وزیرِ اعظم کی رہنمائی میں اتراکھنڈ نے سڑکوں، تعلیم، صحت، ریل اور فضائی رابطوں کے شعبوں میں غیر معمولی ترقی کی ہے۔ قومی کھیلوں اور جی-20 اجلاسوں کے کامیاب انعقاد سے ریاست کی عالمی سطح پر شناخت مضبوط ہوئی ہے، جبکہ عالمی سرمایہ کار کانفرنس میں موصول ہونے والی سرمایہ کاری کی تجاویز پر بھی تیزی سے عمل درآمد جاری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ریاست میں سرمائی سیاحت کو فروغ دیا جا رہا ہے اور کیدارکھنڈ و مانس کھنڈ مندر مالا مشن کے تحت ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں۔ اسی طرح شاردا کوریڈور، رشی کیش-ہری دوار کوریڈور، یمنا کوریڈور، وویکانند کوریڈور اور گولجیو کوریڈور جیسے منصوبوں پر بھی پیش رفت ہو رہی ہے۔

پشکر سنگھ دھامی کے مطابق گزشتہ چار برسوں میں اتراکھنڈ کی معیشت میں ڈیڑھ گنا اضافہ ہوا ہے، جبکہ گزشتہ سال ریاستی مجموعی گھریلو پیداوار کی شرح نمو 7.23 فیصد رہی۔ فی کس آمدنی میں 41 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور بے روزگاری کی شرح میں 4.4 فیصد کی ریکارڈ کمی آئی، جو قومی اوسط سے بہتر ہے۔ ریاستی بجٹ ایک لاکھ کروڑ روپے سے تجاوز کر چکا ہے، جبکہ ہوم اسٹے، صنعت، اسٹارٹ اپس، ہیلی پورٹس اور بجلی کی پیداوار جیسے شعبوں میں دو سے تین گنا تک ترقی دیکھی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پائیدار ترقی کے اہداف کے اشاریے میں اتراکھنڈ ملک میں پہلے نمبر پر رہا، جبکہ عوامی مالیاتی نظم و نسق کے اشاریے میں خصوصی زمرے کی ریاستوں میں دوسرا مقام حاصل کیا۔ ریاست کو کاروبار میں آسانی کے اشاریے میں ’’اچیور‘‘ اور اسٹارٹ اپ درجہ بندی میں ’’لیڈر‘‘ کے زمرے میں شامل کیا گیا ہے۔

وزیرِ اعلیٰ نے مزید کہا کہ ریاست میں سخت انسدادِ تبدیلیٔ مذہب قانون، انسدادِ فساد قانون اور زمینوں کے تحفظ سے متعلق مضبوط قانون نافذ کیا گیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ 11 ہزار ایکڑ سے زائد سرکاری اراضی کو تجاوزات سے آزاد کرایا گیا ہے، جبکہ نقل کے خلاف قانون نافذ ہونے کے بعد گزشتہ ساڑھے چار برسوں میں 33 ہزار سے زائد نوجوان شفاف بھرتی عمل کے ذریعے سرکاری ملازمتیں حاصل کر چکے ہیں۔