شملہ کی سنجاؤلی مسجد میں پرامن طریقہ سے نماز جمعہ ادا کی گئی

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 05-12-2025
شملہ کی سنجاؤلی مسجد میں پرامن طریقہ سے نماز جمعہ ادا کی گئی
شملہ کی سنجاؤلی مسجد میں پرامن طریقہ سے نماز جمعہ ادا کی گئی

 



شملہ:ہماچل پردیش کے دارالحکومت شملہ میں واقع متنازع سنجاؤلی مسجد میں جمعہ (5 دسمبر) کی نماز امن و امان کے ساتھ ادا کی گئی۔ اس دوران تقریباً 100 نمازی مسجد پہنچے اور بغیر کسی مخالفت کے نماز ادا کی۔ نمازیوں نے نماز کے پُرامن انعقاد پر خوشی کا اظہار کیا اور مسجد کے برقرار رہنے کی امید ظاہر کی۔

دوسری جانب ہندو تنظیمیں اب ہائی کورٹ کے فیصلے کا انتظار کر رہی ہیں۔ ضلعی عدالت کی جانب سے متنازع مسجد کو غیر قانونی قرار دیئے جانے کے بعد یہ معاملہ دوبارہ سرخیوں میں ہے۔ گزشتہ دنوں ہندو تنظیموں نے مسجد میں نماز کی ادائیگی پر پابندی لگانے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔ اس مسئلے کو لے کر ہندو تنظیموں کے رہنماؤں نے سنجاؤلی میں دھرنا بھی دیا تھا۔ بعد میں یہ معاملہ ہائی کورٹ پہنچا، اور اب ہندو تنظیموں نے کہا ہے کہ وہ عدالت کے فیصلے کا انتظار کریں گی۔

مسجد میں جمعہ کی نماز ادا کرنے والے نمازیوں نے کہا کہ نماز امن اور بھائی چارے کے ماحول میں ادا کی گئی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مسجد برقرار رہے گی۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ امن اور ہندو-مسلم بھائی چارہ قائم رہنا چاہیے۔ ہندو تنظیموں کے رہنماؤں نے کہا کہ جیسے ہی معاملہ عدالت گیا، ہندو فریق نے شائستگی اور تحمل سے کام لیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عدالت کے فیصلے کے بعد یہی سوال دوسرے فریق سے بھی پوچھا جائے گا۔ ہندو رہنماؤں نے دعویٰ کیا کہ عدالت نے اپنے حکم میں نماز کی اجازت نہیں دی، اس کے باوجود لوگ وہاں پہنچے۔ ہندو رہنماؤں نے ایک بار پھر ریاستی حکومت پر الزام لگایا کہ وہ ہندو جذبات کو بھڑکا رہی ہے اور باہر سے آنے والے مسلمانوں کو پناہ دے رہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ریاستی حکومت شملہ کو ’کشمیر‘ بنانے پر تلی ہوئی ہے اور بھائی چارے کی حقیقت کے بارے میں کشمیری پنڈتوں سے سبق لیا جانا چاہیے۔