نئی دہلی (پی ٹی آئی)وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ امن کا دور کچھ اور نہیں بلکہ ایک ’’سراب‘‘ ہے اور بھارت کو نسبتی سکون کے ادوار میں بھی غیر یقینی حالات کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ انہوں نے آپریشن سندور کے دوران مسلح افواج کی بہادری کو سراہا۔ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سنگھ نے کہا کہ آپریشن میں دیسی ساختہ ساز و سامان اور پلیٹ فارمز کی شاندار کارکردگی نے بھارت میں تیار کردہ عسکری مصنوعات کی عالمی طلب میں اضافہ کیا ہے۔’’دنیا ہمارے دفاعی شعبے کو نئے احترام کی نگاہ سے دیکھ رہی ہے۔ مالی امور کے عمل میں ذرا سی تاخیر یا غلطی بھی آپریشنل تیاری پر براہ راست اثر ڈال سکتی ہے۔’’جو ساز و سامان ہم کبھی درآمد کیا کرتے تھے، آج وہ بھارت میں تیار ہو رہا ہے۔ ہماری اصلاحات اس لیے کامیاب ہو رہی ہیں کہ اعلیٰ ترین سطح پر وژن اور عزم میں مکمل وضاحت ہے،‘‘ انہوں نے کہا۔
وزیر دفاع ڈیفنس اکاؤنٹس ڈیپارٹمنٹ (ڈی اے ڈی) کی کنٹرولرز کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔’’مالیاتی عمل میں ایک ذرا سی تاخیر یا کوتاہی بھی آپریشنل تیاری کو متاثر کر سکتی ہے،‘‘ انہوں نے کہا اور ڈی اے ڈی پر زور دیا کہ وہ دفاعی شعبے میں نجی شعبے کی بڑھتی ہوئی شمولیت کے پیش نظر ’’کنٹرولر‘‘ سے ’’فسیلیٹیٹر‘‘ بننے کی سمت میں کام کرے۔عالمی جغرافیائی سیاسی صورت حال پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیر دفاع نے اسٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے تجزیے کا حوالہ دیا، جس میں کہا گیا ہے کہ 2024 میں عالمی عسکری اخراجات 2.7 ٹریلین امریکی ڈالر تک پہنچ گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس سے بھارت کی دیسی دفاعی صنعتوں کے لیے بے پناہ مواقع پیدا ہوتے ہیں۔وزیر دفاع نے ڈی اے ڈی کے نئے نعرے ’’چوکنا، پھرتیلا، ڈھلنے والا‘‘ کی تعریف کی اور کہا کہ یہ محض الفاظ نہیں، بلکہ آج کے تیزی سے بدلتے ہوئے دفاعی ماحول میں درکار ورک کلچر کی عکاسی کرتے ہیں۔
انہوں نے اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ بیرونی آڈٹ یا کنسلٹنٹس پر انحصار کرنے کے بجائے خود احتسابی کے ذریعے داخلی اصلاحات کو اپنائیں۔’داخلی جائزے سے کی جانے والی اصلاحات زندہ ادارے تخلیق کرتی ہیں۔ یہ اصلاحات زیادہ قدرتی ہوتی ہیں اور ان میں رکاوٹیں کم ہوتی ہیں۔‘‘انہوں نے کہا، ’’امن کا دور صرف ایک سراب ہے۔ نسبتی سکون کے عرصے میں بھی ہمیں غیر متوقع حالات کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ اچانک ہونے والی پیشرفت ہمیں مالی اور آپریشنل تیاری کے پورے ڈھانچے میں تبدیلی پر مجبور کر سکتی ہے۔‘‘’’چاہے وہ ساز و سامان کی تیاری میں تیزی لانے کی بات ہو یا مالیاتی عمل کو ڈھالنے کی، ہمیں ہر لمحے اختراعی تکنیکوں اور فوری ردعمل کے نظام کے ساتھ تیار رہنا ہوگا،‘‘ انہوں نے کہا۔
انہوں نے ڈی اے ڈی پر زور دیا کہ وہ اسی ذہنیت کو اپنی منصوبہ بندی، بجٹنگ اور فیصلہ سازی میں شامل کرے۔دفاعی شعبے کی بڑھتی ہوئی تزویراتی اور اقتصادی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے سنگھ نے دفاعی اخراجات کو محض خرچ نہیں بلکہ اس معاشی سرمایہ کاری کے طور پر دیکھنے کی ضرورت پر زور دیا جس کے دور رس اثرات ہوتے ہیں۔’’ابھی کچھ عرصہ پہلے تک دفاعی بجٹ کو قومی معیشت کا حصہ نہیں سمجھا جاتا تھا۔ آج یہ ترقی کے محرک ہیں،‘‘ انہوں نے کہا کہ بھارت دنیا کے ساتھ ساتھ اس از سر نو مسلح ہونے کے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے جس میں دفاعی شعبے میں سرمایہ کاری اور سرمائے کی بڑی مقدار جھونکی جا رہی ہے۔وزیر دفاع نے ڈی اے ڈی سے کہا کہ وہ اپنی منصوبہ بندی اور جائزوں میں دفاعی معیشت کے نظریات کو بھی شامل کریں، جس میں تحقیقی و ترقیاتی منصوبوں اور دوہری استعمال کی ٹیکنالوجیوں کے سماجی اثرات کا تجزیہ بھی شامل ہو۔