پون کھیڑا کے پاس دو ووٹر آئی ڈی کارڈ ،الیکشن کمیشن کا نوٹس

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 02-09-2025
پون کھیڑا کے پاس دو ووٹر آئی ڈی کارڈ ،الیکشن کمیشن کا نوٹس
پون کھیڑا کے پاس دو ووٹر آئی ڈی کارڈ ،الیکشن کمیشن کا نوٹس

 



نئی دہلی: کانگریس کے رہنما پون کھیڑا کے پاس دو ووٹر آئی ڈی کارڈ ملنے کے بعد تنازعہ شدت اختیار کر گیا ہے۔ دہلی کے الیکشن افسر نے اس معاملے کی جانچ کے لیے پون کھیڑا کو نوٹس جاری کیا ہے اور ان سے جواب طلب کیا ہے۔ بی جے پی نے سب سے پہلے یہ دعویٰ کیا تھا کہ کانگریس رہنما پون کھیڑا کے پاس دو ووٹر آئی ڈی کارڈ ہیں۔

بی جے پی کے آئی ٹی سیل کے سربراہ امیت مالویہ نے منگل کو کہا کہ کھیڑا کا نام جنگپورہ اسمبلی حلقہ (مشرقی دہلی لوک سبھا سیٹ) اور نئی دہلی اسمبلی حلقہ (نئی دہلی لوک سبھا سیٹ) دونوں کی ووٹر فہرستوں میں درج ہے۔ امیت مالویہ نے کہا، "یہ اب الیکشن کمیشن کے لیے جانچ کا موضوع ہے کہ آخر پون کھیڑا کے پاس دو ووٹر آئی ڈی کیسے ہیں اور کیا انہوں نے ایک سے زیادہ بار ووٹ ڈالا؟

یہ انتخابی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے۔" بی جے پی آئی ٹی سیل کے سربراہ نے راہل گاندھی پر بھی حملہ کیا۔ انہوں نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر لکھا، "راہل گاندھی زور زور سے 'ووٹ چوری' کی باتیں کر رہے ہیں، لیکن یہ بتانا بھول گئے کہ ان کی ماں سونیا گاندھی نے بھارتی شہری بننے سے پہلے ہی ووٹر لسٹ میں اپنا نام درج کرا لیا تھا۔ اب یہ سامنے آیا ہے کہ کانگریس کے ترجمان پون کھیڑا کے پاس دو فعال ای پیک نمبر ہیں۔"

کانگریس رہنما پون کھیڑا نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا، کانگریس یہی سوال تو الیکشن کمیشن سے کر رہی ہے۔ ہم تو الیکشن کمیشن کی کارروائی اور کام کرنے کے طریقے پر ہی سوال اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا، امیت مالویہ بار بار الیکشن کمیشن پر جو الزام لگا رہے ہیں، ہمارے ساتھ آ کر لگائیے نا۔ صبح تو مجھے لگا شاید وہ کانگریس میں شامل ہو گئے ہیں، کیونکہ یہی سوال تو ہم بھی اٹھا رہے ہیں۔

میں الیکشن کمیشن سے جاننا چاہتا ہوں کہ نئی دہلی اسمبلی میں کس سے ووٹ ڈلوایا جا رہا ہے؟ مجھے وہاں کا سی سی ٹی وی فوٹیج چاہیے۔ میرا نام اب تک اس اسمبلی حلقے کی ووٹر لسٹ میں کیوں ہے؟ میں 2016 میں وہاں سے شفٹ ہو گیا تھا اور نام کٹوانے کی پوری کارروائی مکمل کر دی تھی۔