نئی دہلی:مسلمان اور عیسائی اگر اپنی عبادت اور روایتوں کے ساتھ ہندوستان کی بھکتی کرتے ہیں اور اس کی ثقافت کو مانتے ہیں، تو وہ بھی ہندو ہیں‘‘ارایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت نے کہا ہے کہ ہندوستان میں رہنے والے مسلمان اور عیسائی اگر اپنی عبادت، رسوم اور روایات کو برقرار رکھتے ہوئے اس ملک سے عقیدت رکھتے ہیں، اس کی ثقافت کو تسلیم کرتے ہیں، تو وہ بھی ’’ہندو‘‘ ہی کہلائیں گے۔
موہن بھاگوت پیر (17 نومبر 2025) کو تین روزہ دورے پر آسام پہنچے تھے۔ بدھ کے روز وہاں انہیں ایک نوجوان کانفرنس سے خطاب کرنا ہے۔ ایک پروگرام کے دوران انہوں نے کہا: "شِواجی مہاراج کو پورے ہندوستان میں مانا جاتا ہے، رانا پرتاپ کو پورے ہندوستان میں مانا جاتا ہے۔ اگرچہ وہ ایک ہی صوبے سے تھےبدھ بہار کے تھے، مہاویر بہار کے تھےمگر پھر بھی سب کے لیے قابلِ احترام ہیں، کیونکہ وہ ہمارا قومی فخر ہیں۔
جو لوگ مادرِ وطن سے محبت، اپنے پیش روؤں پر فخر اور ہماری اس ثقافتی وراثت کو ساتھ لے کر چلتے ہیں، وہ سب ہندو ہیں۔" بھاگوت نے ممتاز شخصیات کے ساتھ گفتگو میں دعویٰ کیا کہ "ہندو" فقط ایک مذہبی اصطلاح نہیں بلکہ ہزاروں برس کی ثقافتی تسلسل میں رچی بسی ایک تہذیبی پہچان ہے۔ انہوں نے کہا: "ہندوستان اور ہندو ایک دوسرے کے مترادف ہیں۔
ہندوستان کو ہندو راشٹر کہلانے کے لیے کسی سرکاری اعلان کی ضرورت نہیں، اس کی تہذیبی فطرت خود اسے ظاہر کرتی ہے۔" انہوں نے کہا: "ہندو دھرم اور ہندو ثقافت صرف کھانے پینے یا عبادت تک محدود نہیں۔ یہ ایک جامع روایت ہے جو دوسروں کو اپنے اندر سمو سکتی ہے۔ مسلمان اور عیسائی بھی اپنی عبادت گاہیں اور رسومات ترک کیے بغیر اس ملک سے محبت کریں، اس کی ثقافت کو مانیں اور ہندوستانی پیش روؤں کو تسلیم کریں، تو وہ بھی ہندو ہی ہیں۔"
بھاگوت نے کہا کہ آر ایس ایس کی بنیاد کسی کی مخالفت یا نقصان پہنچانے کے لیے نہیں رکھی گئی بلکہ کردار سازی پر توجہ مرکوز کرنے اور ہندوستان کو عالمی رہنما بنانے میں معاونت کے لیے رکھی گئی تھی۔ انہوں نے مزید کہا: تنوع کے درمیان ہندوستان کو متحد کرنے کا طریقہ آر ایس ایس کہلاتا ہے۔ انہوں نے آسام میں آبادیاتی تبدیلیوں سے متعلق خدشات سے نمٹنے کے لیے خود اعتمادی، چوکس رہنے اور اپنی زمین و شناخت سے مضبوط وابستگی کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے غیر قانونی دراندازی، ہندوؤں کے لیے تین بچوں کے اصول سمیت متوازن آبادیاتی پالیسی کی ضرورت اور مذہبی تبدیلی کے نام پر تقسیم پیدا کرنے والی سرگرمیوں کی مخالفت جیسے موضوعات پر بھی بات کی۔ انہوں نے خاص طور پر نوجوانوں کے درمیان سوشل میڈیا کے ذمہ دارانہ استعمال کی وکالت کی۔
موہن بھاگوت نے شمال مشرقی خطے کو ہندوستان کی ’’تنوع میں وحدت‘‘ کی بہترین مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ لاچت بورفوقن اور شریمنت شنکر دیو جیسی شخصیات نہ صرف علاقائی اہمیت رکھتی ہیں بلکہ قومی سطح پر بھی قابلِ احترام ہیں اور تمام ہندوستانیوں کو تحریک دیتی ہیں۔ آخر میں انہوں نے سماج کے تمام طبقات سے اپیل کی کہ وہ ملک کی تعمیر کے لیے اجتماعی اور بے لوث جذبے کے ساتھ کام کریں۔