پرائیویٹ میڈیکل کالجوں کے لئے پٹنہ ہائی کورٹ کا اہم حکم

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 07-08-2025
پرائیویٹ میڈیکل کالجوں کے لئے پٹنہ ہائی کورٹ کا اہم حکم
پرائیویٹ میڈیکل کالجوں کے لئے پٹنہ ہائی کورٹ کا اہم حکم

 



پٹنہ: پٹنہ ہائی کورٹ نے بہار حکومت کے اُس فیصلے پر عبوری روک لگا دی ہے، جس میں نجی میڈیکل کالجوں کو 50 فیصد نشستوں پر سرکاری میڈیکل کالجوں کے برابر فیس وصول کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔ جسٹس انل کمار سنہا کی سنگل بینچ نے سہرسا کے لارڈ بدھ کوشی میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل سمیت دیگر اداروں کی عرضی پر یہ حکم جاری کیا ہے۔

عرضی گزاروں کے وکیل روشن نے عدالت میں دلیل دی کہ 29 جولائی 2025 کو جاری کردہ سرکاری خط میں نجی میڈیکل کالجوں کو ہدایت دی گئی تھی کہ وہ اپنی 50 فیصد نشستوں پر داخلہ لینے والے طلبا سے اتنی ہی فیس لیں جتنی سرکاری میڈیکل کالجوں میں لی جاتی ہے۔ عرضی گزاروں نے اس فیصلے کو نجی کالجوں کے مالی ڈھانچے کے لیے نقصان دہ قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سے انہیں شدید اقتصادی خسارہ ہوگا اور مالی نقصان کی تلافی کے لیے دیگر طلبا سے بھاری فیس (ڈیڑھ کروڑ سے دو کروڑ روپے فی طالب علم) وصول کرنی پڑے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس فیصلے سے میڈیکل تعلیم بہت مہنگی ہو جائے گی اور خاص طور پر عام طبقے کے طلبا کے لیے ناقابل رسائی بن جائے گی۔ یہ بھی کہا گیا کہ میڈیکل تعلیم کو خدمت پر مبنی ہونا چاہیے، نہ کہ صرف منافع پر، اور حکومت کا یہ حکم اس اصول کے خلاف ہے۔

عدالت کو بتایا گیا کہ ایک نجی میڈیکل کالج کا سالانہ اوسط خرچ تقریباً 100 کروڑ روپے ہوتا ہے، جس میں اسٹاف، فیکلٹی، آلات اور بنیادی ڈھانچے کے اخراجات شامل ہیں۔ عرضی گزاروں نے کہا کہ سرکاری فیس کی بنیاد پر اگر نجی کالج چلائے گئے تو ان کا انتظام چلانا مشکل ہو جائے گا اور ہزاروں ملازمین کی ملازمت خطرے میں پڑ جائے گی۔

اس پورے معاملے میں پٹنہ ہائی کورٹ نے فی الحال حکومت کے حکم پر روک لگاتے ہوئے ریاستی حکومت اور نیشنل میڈیکل کمیشن کو ہدایت دی ہے کہ وہ چھ ہفتوں میں اپنا جواب داخل کریں۔ اس معاملے کی اگلی سماعت چھ ہفتے بعد ہوگی۔