پٹنہ : امیرشریعت مولانا فیصل رحمانی کی خانقاہ مجیبیہ میں حاضری

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 11-10-2021
پٹنہ : امیرشریعت مولانا فیصل رحمانی کی خانقاہ مجیبیہ میں حاضری
پٹنہ : امیرشریعت مولانا فیصل رحمانی کی خانقاہ مجیبیہ میں حاضری

 

 

آواز دی وائس، پٹنہ 

امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ کے امیر شریعت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی کے آج خانقاہ مجیبیہ پہنچنے پر مولانا سید شاہ منہاج الدین قادری ودیگر کارکنان کے ذریعہ پرتپاک خیر مقدم کیا گیا۔خانقاہ مجیبیہ کے زیب سجادہ  شاہ آیت اللہ قادری مدظلہ العالی نے اپنے حجرہ مبارک میں امیر شریعت کا استقبال کرتے ہوئے اپنے دست مبارک سے امیر شریعت ثامن کے سر پر شماغ (رومال)رکھا اور عطر پیش کیا۔

اپنے پاس بٹھا کر حضور زیب سجادہ نے فرمایا کہ یہ رشتہ دل کا ہے۔ قطب عالم مولانا محمد مونگیریؒ بھی خانقاہ مجیبیہ آیا کرتے تھے اور قیام بھی فرماتے تھے، امیر شریعت رابع مولانا منت اللہ رحمانی  کا بھی یہاں اکثر آنا ہوتا تھا۔ حضور زیب سجادہ نے فرمایا کہ والد صاحب  سے امارت شرعیہ کے سابق امرائ بالخصوص  امیر شریعت رابع اور امیر شریعت سابع مولانا محمد ولی رحمانی  سے گہرے مراسم تھے۔

آپ کے امارتِ شرعیہ کے آٹھویں امیر منتخب ہونے سے مجھے بے پناہ قلبی مسرت ہوئی ہے، دل کی گہرائیوں سے دعا دیتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ اس امانت کو بہتر طریقے سے ادا کرنے کی آپ کو توفیق عطا فرمائے اور اللہ کی نصرت شامل حال ہو، آپ سے ملاقات کرکے خانقاہ مجیبیہ، امارت شرعیہ اور خانقاہ رحمانی کے دیرینہ روایت کی یاد بھی تازہ ہوگئی میں آپ کو بہتر مستقبل کی دعا بھی دے رہا ہوں۔

اس موقع سے امیر شریعت ثامن  مولانا احمد ولی فیصل رحمانی سجادہ نشین خانقاہ رحمانی مونگیر نے بھی خانقاہ مجیبیہ امارت شرعیہ اور خانقاہ رحمانی کے درمیان دیرینہ تعلقات کا اور بہتر خانقاہی روابط کا ذکر فرمایا۔

امیر شریعت ثامن نے فرمایا کہ ان شائ اللہ خانقاہ مجیبیہ، میں میری حاضری بار بار ہوگی۔ ملی کاموں کے انجام دہی میں حضرت زیب سجادہ کے مشورے سے بھی استفادہ کیا جائے گا، امارت شرعیہ کے استحکام میں آپ کی دعاؤں اور مشوروں کی ضرورت آج بھی ہے اور کل بھی رہے گی۔ اس کے علاوہ خلوت میں بھی حضرت زیب سجادہ خانقاہ مجیبیہ اور امیر شریعت ثامن کے درمیان گفتگو ہوئی۔

امیر شریعت ثامن حضور زیب سجادہ خانقاہ مجیبیہ کے اخلاق سے کافی متأثر نظر آئے۔ واضح رہے کہ حضرت زیبِ سجادہ سے ملاقات سے قبل  امیر شریعت ثامن نے مولانا سید شاہ منہاج الدین قادری کی معیت میں سجادگان خانقاہ مجیبیہ کے مزارات پر حاضر ہوکر فاتحہ خوانی کی، بالخصوص تاج العارفین حضرت سید شاہ مجیب اللہ قادری نور اللہ مرقدہ کے قبر مبارک پر حاضر ہوکر فاتحہ خوانی کی۔

اُس کے بعد خانقاہ مجیبیہ کے سابق سجادگان اور امارت شرعیہ کے امیر شریعت اول بدر الکاملین  مولانا سید شاہ بدر الدین قادری ، امیر شریعت ثانی محی الملۃ والدین   سید شاہ محی الدین قادری اور امیر شریعت ثالث  سید شاہ قمر الدین قادری ودیگر سجادگان وبزرگان کے مزار پر بھی فاتحہ خوانی کا شرف حاصل کیا۔

مزید برآں بانی امارت شرعیہ  مولانا ابو المحاسن محمد سجاد  کے قبر مبارک پر بھی فاتحہ پڑھنے کا شرف حاصل کیا۔ جو کہ وہیں باغ مجیبی قبرستان میں آسودۂ خواب ہیں۔ حضرت امیر شریعت ثامن نے اس ملاقات کو ایک خوشگوار اور یادگار لمحہ قرار دیا۔

اور اِس بات کا عندیہ دیا کہ ان شاء اللہ یہ حاضری مستقبل میں بار بار ہوگی اور امارت کے امور کو زیب سجادہ خانقاہ مجیبیہ کے مشورہ سے اور بہتر کیا جائے گا۔ امیر شریعت ثامن کے ساتھ اِس موقع پر نائب امیر شریعت  مولانا محمد شمشاد رحمانی قاسمی، قائم مقام ناظم مولانا شبلی القاسمی اور امیر شریعت سابع مفکر اسلام مولانا محمد ولی صاحب رحمانی کے چھوٹے صاحبزادے جناب فہد رحمانی ودیگر حضرات نے بھی حاضری کا شرف حاصل کیا۔ (پریس ریلیز)