رشوت مانگنے والے کونسلروں کے خلاف پارٹی کی کاروائی

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | 1 Years ago
رشوت مانگنے والے کونسلروں کے خلاف پارٹی کی کاروائی
رشوت مانگنے والے کونسلروں کے خلاف پارٹی کی کاروائی

 

 

نئی دہلی: دہلی میں بدعنوانی کے الزامات میں گھرے بی جے پی اور عام آدمی پارٹی کے کئی کونسلروں کے خلاف کاروائی کی گئی ہے۔ ایک ٹی وی چینل کے اسٹنگ آپریشن میں کُل سات کونسلروں پر علاقے میں کیبل بچھانے کے نام پر رشوت مانگنے کا الزام ہے۔

بتادیں کہ بدعنوانی کے الزامات میں گھرے بی جے پی کے چار کونسلروں اور آپ کے تین کونسلروں کو پارٹی سے باہر کا راستہ دکھا دیا گیا ہے۔ ساتھ ہی اس معاملے پر سیاست بھی تیز ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔

آپ کو بتا دیں کہ کانگریس نے کہا ہے کہ اس معاملے کی جانچ سی بی آئی کو سونپ دی جائے گی۔

غور طلب ہے کہ اے بی پی نیوز کے اسٹنگ 'آپریشن پی' کے تحت یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ دہلی ایم سی ڈی میں بی جے پی کے 4 کونسلروں اور عام آدمی پارٹی کے تین کونسلروں نے اپنے علاقے میں کیبل بچھانے سے لے کر تمام کاموں کے نام پر رشوت طلب کی ہے۔

اسٹنگ آپریشن کے مطابق ملزم کونسلر ایم سی ڈی کو بیچنے کی بات کر رہے تھے۔ اس میں وہ پارکنگ کے ٹھیکے، کیبل بچھانے کے کام کے لیے رقم مانگ رہے تھے۔ اس کے لیے کونسلروں نے 20 سے 30 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا۔

بدعنوانی کے معاملے میں جن کونسلروں پر کاروائی کی گئی ہے، ان میں بی جے پی کے اتل کمار گپتا، راجو رانا (منگول پوری کونسلر رادھا دیوی کے شوہر)، امرلتا سنگوان، شیر سنگھ شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ہی آپ کے رام نارائن بھاردواج، رنکو ماتھر اور ابھیشیک آزاد ( کونسلر نیتو آزاد کے شوہر) شامل ہیں۔

انکشافات کے بعد دہلی بی جے پی کے ریاستی صدر آدیش گپتا نے کہا ہے کہ پارٹی بدعنوانی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ جن چار کونسلروں پر رشوت کا الزام لگایا گیا ہے انہیں فوری طور پر پارٹی سے نکال دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوانی کے حوالے سے بی جے پی کی پالیسی واضح ہے۔ بی جے پی نے صرف الزامات کی وجہ سے ان کونسلروں کو نکال باہر کیا ہے۔ ہم اسٹنگ آپریشن کے حقائق کی بھی چھان بین کر رہے ہیں۔"

دوسری طرف آپ کی طرف سے بھی کہا گیا ہے کہ یہاں کسی قسم کی کرپشن برداشت نہیں کی جائے گی۔ پارٹی نے بغیر کسی تاخیر کے اسٹنگ آپریشن میں دکھائے گئے تینوں کونسلروں کو پارٹی سے نکال دیا۔ امید ہے کہ تفتیشی ایجنسی ان لوگوں کے خلاف سخت کاروائی کرے گی۔