آئی او ای اسکیم کی سست پیش رفت پر پارلیمانی کمیٹی تشویش زدہ

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 16-07-2026
آئی او ای اسکیم کی سست پیش رفت پر پارلیمانی کمیٹی تشویش زدہ
آئی او ای اسکیم کی سست پیش رفت پر پارلیمانی کمیٹی تشویش زدہ

 



نئی دہلی: اعلیٰ تعلیمی اداروں کو عالمی معیار کا بنانے کے لیے شروع کی گئی انسٹی ٹیوشنز آف ایمیننس (IoE) اسکیم کے سست نفاذ پر پارلیمانی قائمہ کمیٹی نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ کمیٹی نے وزارتِ تعلیم کو ہدایت دی ہے کہ اسکیم کے تحت باقی ماندہ اداروں کو نوٹیفائی کرنے کے لیے ایک وقت بند لائحۂ عمل تیار کیا جائے۔

تعلیم، خواتین، اطفال، نوجوانوں اور کھیل سے متعلق پارلیمانی قائمہ کمیٹی نے اپنی کارروائی رپورٹ میں کہا کہ وزارتِ تعلیم کے جواب میں صرف اسکیم کے قواعد و ضوابط بیان کیے گئے، جبکہ کمیٹی کے بنیادی سوالات کا تسلی بخش جواب نہیں دیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق انسٹی ٹیوشنز آف ایمیننس اسکیم، جسے ورلڈ کلاس انسٹی ٹیوشنز اسکیم بھی کہا جاتا ہے، 2017 میں شروع کی گئی تھی۔

اس کا مقصد 10 سرکاری اور 10 نجی اعلیٰ تعلیمی اداروں کو منتخب کرکے انہیں عالمی معیار کی تدریس اور تحقیق کے مراکز کے طور پر فروغ دینا تھا۔ کمیٹی نے نشاندہی کی کہ اسکیم کے آغاز کو تقریباً آٹھ سال گزرنے کے باوجود اب تک مجوزہ 20 اداروں میں سے صرف 12 کو ہی انسٹی ٹیوشن آف ایمیننس کا درجہ دیا گیا ہے، جو اسکیم کی سست رفتار پیش رفت کی عکاسی کرتا ہے۔

وزارتِ تعلیم نے اپنے جواب میں کہا کہ اس اسکیم کے تحت منتخب اداروں کو تعلیمی، انتظامی اور مالیاتی معاملات میں زیادہ خودمختاری دی جاتی ہے۔ سرکاری اداروں کو مالی معاونت فراہم کی جاتی ہے، جبکہ نجی اداروں کو ضابطہ جاتی آزادی دی جاتی ہے تاکہ وہ عالمی معیار کے ادارے بن سکیں۔

وزارت کے مطابق، اس درجہ کے خواہش مند اداروں کا جائزہ ایمپاورڈ ایکسپرٹ کمیٹی (EEC) لیتی ہے، جس کی سفارشات یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (UGC) کو بھیجی جاتی ہیں۔ بعد ازاں وزارتِ تعلیم متعلقہ ادارے کے ساتھ مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کرتی ہے اور اسے باضابطہ طور پر انسٹی ٹیوشن آف ایمیننس قرار دیا جاتا ہے۔

کمیٹی نے یہ بھی سفارش دہرائی کہ اسکیم کا دائرہ وسیع کیا جائے تاکہ سماجی علوم، انسانیات اور ترقیاتی مطالعات جیسے شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والے دیگر ممتاز اداروں کو بھی اس میں شامل کیا جا سکے۔ اس ضمن میں کمیٹی نے خاص طور پر جواہر لعل نہرو یونیورسٹی (جے این یو) کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ سماجی علوم، انسانیات اور ترقیاتی مطالعات کے میدان میں عالمی شہرت رکھتی ہے، اس لیے اسے بھی اسکیم میں شامل کرنے پر غور کیا جانا چاہیے۔

کمیٹی نے وزارتِ تعلیم سے مطالبہ کیا ہے کہ باقی آٹھ اداروں کی شناخت اور نوٹیفکیشن کے لیے ایک مقررہ مدت پر مشتمل منصوبہ تیار کیا جائے اور ساتھ ہی اسکیم کے دائرہ کار کو وسیع کرنے کے امکانات کا بھی سنجیدگی سے جائزہ لیا جائے، تاکہ مزید ممتاز تعلیمی ادارے اس سے مستفید ہو سکیں۔