پارلیمنٹ نفرت انگیز تقاریر کے خلاف قانون بنائے: توقیر رضا خان

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 03-01-2022
پارلیمنٹ نفرت انگیز تقاریر کی سزا کے لیے قانون بنائے: توقیر رضا خان
پارلیمنٹ نفرت انگیز تقاریر کی سزا کے لیے قانون بنائے: توقیر رضا خان

 

 

عاطر خان/ بریلی

ملک میں نفرت انگیزی کے خلاف پارلیمنٹ کو قانون سازی کرنی چاہیے،ایسے معاملات پر حکومت اور عدلیہ کو خود حرکت میں آنا چاہیے ،نہ کہ ایف آئی آر یا کیس درج ہونے کا انتظار کرنا چاہیے۔ دھرم سنسد کے خلاف دھرم سنسد کا اعلان کسی ٹکراو کا اعلان نہیں بلکہ یہ تو گاندھیائی انداز ہے اگر آپ ہمیں مارنا چاہتے ہیں تو آئیں اور ہمیں ماریں ،ہم ملک کی بہتری کے لیے مرنے کے لیے بھی تیار ہیں۔ دراصل میرے بیان کو غلط سمجھا گیا ،میں کوئی ٹکراو یا خانہ جنگی نہیں چاہتا۔

 یہ وضاحت بریلی کے ممتاز مگر متنازعہ رہنما مولانا توقیر رضا خان کی ہے جو انہوں نے آواز دی وائس کے ایڈیٹر انچیف عاطر خان کے ساتھ اپنی رہائش گاہ پر بات چیت کے دوران کی ۔

توقیر رضا خان بریلوی فرقے کے بانی، اعلی حضرت کے پڑپوتے ہیں، جو سنی مسلم کے دو بڑے فرقوں میں سے ایک ہیں، جن کےہندوستان اور بیرون ملک کروڑوں پیروکار ہے۔ وہ گنجان محلہ سوداگراں میں واقع ایک پرانی، سادہ کثیر المنزلہ عمارت میں رہتے ہیں۔تنگ گلیاں اور ٹریفک کا شورآپ کو دہلی میں حضرت نظام الدین درگاہ اور اجمیر شریف کی طرف جانے والی تنگ گلیوں کی یاد یا احساس دلاتا ہے۔ محلہ سے کچھ زیادہ فاصلے پر اعلیٰ حضرت اور ان کے شاگردوں کی درگاہ ہے۔ درگاہ اعلیٰ حضرت کے قریب جلتی ہوئی اگربتیوں کی خوشبوپھیلی ہوتی ہے۔

ان گلیوں میں اسلامی مذہبی کتابیں، تسبیح، مختلف اقسام کے عطر اوردیگر سامان کی چھوٹی چھوٹی دکانیں نظر آتی ہیں ۔ ایک سادہ اورعام سے گھر کے داخلی دروازے پر حفاظتی اقدام کے نام پر ایک پولیس والا بھی نہیں ۔کوئی بھی اس بات کی توقع کرسکتا ہے کہ توقیر رضا خان کے متنازعہ کردار کے سبب حفاظتی اقدام ہوں گے۔

سیڑھیاں چڑھنے کے بعد ان کے قریبی مرید ایک مہمان خانہ میں لے گئے جہاں ایک بہت بڑا ایکویریم آپ کی توجہ اپنی طرف کھینچتا ہے۔ کمرے کے ایک اور کونے میں مصنوعی پھولوں اور پتوں سے بھرا سفید گلدستہ رکھا ہوا ہے۔ دیواروں میں سے ایک کے طاق میں شیشے کا ایک بڑا شوکیس ہے جس میں بے شمار یادگاریں ہیں۔

 فرش پر سرخ قالین بچھا تھا، جس پر ان کے مہمانوں کے بیٹھنے کے لیے گدے بچھے ہوئے ہیں۔ توقیر خان کی میز کے اردگرد اردو، عربی اور انگریزی کتابیں رکھی ہیں۔ تقریباً 15 منٹ کے انتظار کے بعد توقیر رضا خان مسکراہٹ کے ساتھ اپنے مہمانوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کمرے میں داخل ہوتےہیں اور سب احتراماً کھڑے ہو جاتے ہیں۔

توقیر رضا خان نے سفید کرتہ پاجاما پہنا ہوا تھا، انہوں نے آدھی آستین والا مونٹی کارلو پل اوور اور سر پر ایک عام کالی ٹوپی پہن رکھی تھی۔ جس قسم کی ٹوپی اکثر درگاہوں کے سجادہ نشین پہنتے ہیں۔ جب ہم گفتگو شروع کرتے ہیں تو معلوم ہوتا ہے کہ توقیر رضاخان صاحب جن کا تعلق صوفی خاندان سے ہے، تصوف کے بارے میں بات کرنے میں کوئی خاص دلچسپی نہیں رکھتے۔ انٹرویو کے آغاز کے ساتھ ہی ان کے تاثرات ایک وسیع مسکراہٹ سے سنجیدگی میں تبدیل ہو جاتے ہیں۔

اپنے آفس میں پر سکون انداز میں بیٹھے توقیر رضا خان سے جب ہردوار دھرم سنسد کے خلاف 7 جنوری کو بریلی میں جوابی دھرم سنسد کے اعلان کی ضرورت کے بارے میں سوال کیا گیا تو وہ مسکراتے ہوئے جواب دیتے ہیں کہ ''آپ مجھ سے پوچھتے ہیں کہ اس کی کیا ضرورت تھا۔ 

بہرحال وہ جواب دیتے ہیں کہ یہ پرامن احتجاج کا گاندھیائی طریقہ ہے۔ اگر کوئی آپ کے ایک گال پر تھپڑ مارے تو دوسرا گال پیش کریں۔ اگر ان لوگوں میں انسانیت ہے تو وہ ہمارے آنے والے احتجاج پر شرمندہ ہوں گے۔ ہم کب تک اس قسم کی تذلیل برداشت کر سکتے ہیں؟ یہ کہیں نہ کہیں رکنا چاہیے۔ اسی لیے میں نے مسلمانوں کو جمع ہونے کی دعوت دی ہے۔

اس سادھو کی عزت کرتا ہوں

توقیر رضا خان مزید کہتے ہیں کہ میں ایک سادھو کے لیے بہت احترام کرتا ہوں جس نے دھرم سنسد سے باہر نکل کر اس کا بائیکاٹ کیا۔ اس کے ضمیر نے اسے وہاں ٹھہرنے کی اجازت نہیں دی۔ اسے احساس ہوا کہ وہاں جو کچھ ہو رہا ہے وہ غلط ہے اس لیے وہ باہر نکل گیا۔ میں غیر مسلم تنظیموں اور دانشوروں کا بھی احترام کرتا ہوں، جنہوں نے ہریدوار میں مسلمانوں کی نسل کشی کے نعرے پر تنقید کی ہے۔

تشدد کا نعرہ نہیں دیا

 سوال تھا کہ کیا یہ قدم فرقہ و ارانہ ٹکراو کا ماحول نہیں پیدا کردے گا ؟ توتوقیر رضا خان اس خیال کو مسترد کردیا۔

انہوں نے کہا کہ میں مسلمانوں کو متشدد ہونے کے لیے نہیں کہہ رہا ہوں۔ اگر میں تشدد کا نعرہ دیتا تو ایسی صورت حال ہوتی۔ ایسا نہیں ہے میں صرف اتنا کہہ رہا ہوں کہ ہم ملک کے لیے جان دینے کو تیار ہیں۔

توقیر رضا خان کہتے ہیں کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ اگر ہماری موت سے ملک کو فائدہ ہوگا اور ترقی ہوگی تو ہم 20,000 نوجوانوں کی پہلی کھیپ پیش کرتے ہیں۔ جو چاہے آکر ہمیں مار ڈالے جیسا کہ ہم جمع ہوں اور اپنے آپ کو پیش کریں۔

مذہب اور ملک سے پیار ہے

 دراصل دھرم سنسد کے بعد ملک میں سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات بشمول ریٹائرڈ فوجی افسران، سپریم کورٹ کے وکلاء، اور مختلف ہندو گروپس پہلے ہی نفرت انگیزی کی مذمت کر چکے ہیں۔

پولیس نے معاملہ درج کر لیا ہے اور معاملے کی جانچ کے لیے ایس آئی ٹی تشکیل دی گئی ہے۔ مگر یہ پوچھے جانے پر کہ کیا ان کا یہ اقدام صورتحال کو مزید پولرائز کرے گا اور مسلمانوں کو تصادم کی صف میں کھڑا کرے گا،انہوں نے جواب دیا کہ میرا مذہب یہ سکھاتا ہےکہ ہم اپنے ملک اور اپنے مذہب دونوں سے پیار کریں۔

ہم ہاتھ جوڑ کر کھڑے رہیں گے ،ہمیں ہمارے ملک کے مفاد میں قتل کیا جائے۔ ہمارا مذہب خودکشی کی اجازت نہیں دیتا ورنہ ہم خود اپنی جان لے لیتے۔

میرے بیان کو غلط سمجھا گیا

توقیر رضا خان کا کہنا ہے کہ ان کے بیانات کو غلط سمجھا گیا ،اس اعلان کا مطلب کوئی تصادم نہیں ۔ ہم کسی بھی قیمت پر ملک میں خانہ جنگی نہیں دیکھنا چاہتے۔

ہم کبھی نہیں چاہتے کہ ہمارے نوجوان جارحانہ ہوں اور ساتھی ہندوستانیوں کو نقصان پہنچائیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے نوجوان پرامن ہوں اور ہم انہیں امن کی راہ پر گامزن کرنا چاہتے ہیں۔ ہمارے مذہب نے ہمیں قربانی کے فضائل سکھائے ہیں۔

توقیر رضا خان کہتے ہیں کہ ان کی لڑائی گروہ بندی اور ملک میں پھیلائی جانے والی نفرت کے خلاف ہے۔ساتھ ہی وہ ہندوؤں اور مسلمانوں کے درمیان اختلافات کو ختم کرنا چاہتے ہیں ۔جو ان کے خیال میں دن بہ دن بڑھ رہے ہیں۔

پولیس ۔انتظامیہ حرکت میں آتی تو

 توقیر رضا خان کہتے ہیں کہ میں سوال پوچھتا ہوں کہ کیا پولیس اور انتظامیہ کو اتنا انتظار کرنا چاہیے تھا کہ کوئی ایف آئی آر درج کرنے کے لیے آگے آئے۔ اگر کچھ ہندوستانی دھرم سنسد کی مخالفت نہ کرتے تو ایف آئی آر بھی درج نہ ہوتی۔

واحد شخص جسے گرفتار کیا گیا ہے وہ ہے جو گاندھی جی کی بے عزتی کر رہا تھا لیکن جن لوگوں نے نسل کشی کی کال دی وہ اب بھی آزاد گھوم رہے ہیں۔

انہوں نے الزام لگایا کہ ہریدوار میٹنگ میں شامل تمام لوگ پاکستان اور چین کے ساتھ اپنی وفاداری کے مرہون منت ہیں، جو ملک کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں اور اندرونی خلفشار کو ہوا دینا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ "سو موٹو ایکشن بہت پہلے شروع کیا جانا چاہئے تھا۔جب عوام میں سنگین جرم کا ارتکاب کیا جاتا تھا تو انتظامیہ اور پولیس اتنے عرصے سے کس چیز کا انتظار کر رہے تھے؟

ان کا کہنا ہے کہ کسی بھی مذہبی گروہ کے خلاف غیر ذمہ دارانہ بیان دینے والوں کو جیل بھیجنے کے لیے پارلیمنٹ کو ایک خصوصی اجلاس بلانا چاہیے۔

یہ سیاسی نہیں مذہبی جواب ہے

توقیر رضا خان وہ ایک سیاست دان بھی ہیں اور اتحاد ملت کونسل کے نام سے ایک سیاسی جماعت کے سربراہ بھی ہیں اور مسلمانوں میں ان کی باتوں کو سیاست کی نظر سے دیکھا جائے گا تو انھوں نے کہا کہ میں نے یہ اعلان بطور سیاسی رہنما نہیں دیا ہےلیکن صرف اس فیصلے سے آگاہ کیا جو علمائے کرام نے دھرم سنسد کے جواب میں لیا ہے۔

وہ مزید کہتے ہیں کہ علمائے کرام کا خیال ہے کہ اگر ہم اپنی جان دے کر ملک اور اپنے مذہب کو بچا سکتے ہیں تو ٹھیک ہے۔

بریلی کے بعد میرا اگلا مظاہرہ کانپور اور پھر مظفر نگر میں ہوگا۔ مجھے تلنگانہ اور بنگلورو میں مظاہرے کرنے کے لیے دعوت نامے ملتے رہے ہیں۔

دھرم سنسد مخالف ہندو بھی خوش ہیں

 توقیررضا خان کا خیال ہے کہ ہندو سماج کا ایک بڑا طبقہ، جس نے دھرم سنسد کی مخالفت کی ہے، وہ جو کچھ کر رہے ہیں، انہیں پسند آئے گا۔ ان کا ماننا ہے کہ ایف آئی آر اور ایس آئی ٹی کی تشکیل کوئی حل نہیں ہے۔ مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز تقاریر کے ذمہ داروں کو گرفتار کیا جائے۔

توقیر رضا خان مزید کہتے ہیں کہ ہم چاہتے ہیں کہ ہندو اور مسلمان دونوں ملک کی ترقی کے لیے کندھے سے کندھا ملا کر کام کریں۔ ہم کوئی تصادم نہیں چاہتے۔ میں کسی کو گرانا نہیں چاہتا۔ میں صرف یہ چاہتا ہوں کہ ہمارے ہندو بھائی یہ سمجھیں کہ جو لوگ ہم وطنوں کو مارنا چاہتے ہیں وہ محب وطن نہیں ہو سکتے۔

سیاست اور وہ

توقیر رضا خان کو اس علاقے میں اپنی مقبولیت کی طاقت احمد رضا خان کے پوتے ہونے کی وجہ سے ملی ہے، جنہیں اعلیٰ حضرت کہا جاتا ہے، جو سنی مسلمانوں کے بریلوی فرقے کے بانی ہیں۔ بریلی کے علاقے میں مسلمانوں کو متحرک کرنے کی صلاحیت رکھتےہیں۔

شاید اسی طاقت نے انہیں سیاست میں آنے کا حوصلہ دیا۔ انہوں نے ماضی میں کانگریس، سماج وادی پارٹی، بہوجن سماج پارٹی سمیت کئی سیاسی جماعتوں کی حمایت کی ہے۔ اروند کیجریوال نے حال ہی میں ایک میٹنگ بھی کی جس میں خان کے عام آدمی پارٹی کی حمایت کرنے کی قیاس آرائیوں کو جنم دیا لیکن وہ عام آدمی پارٹی کے ساتھ کسی بھی سیاسی گٹھ جوڑ کی تردید کرتے ہیں۔

توقیر رضا خان کا کہنا ہے کہ وہ سماج وادی پارٹی کی حمایت کرنے کے خواہاں نہیں ہیں۔ نہ ہی وہ کانگریس پارٹی کے بارے میں بہت زیادہ سوچتے ہیں۔

بقول توقیر رضا خان  کانگریس  نے مسلمانوں کو کسی بھی دوسری پارٹی سے زیادہ نقصان پہنچایا ہے اور بی جے پی اس حد تک جانے کا تصور بھی نہیں کر سکتی۔

شاید انہوں نے بہوجن سماج پارٹی کے بارے میں اپنا ذہن نہیں بنایا ہے، جس کی وہ کبھی حمایت کرتے تھے۔

توقیر رضا خان بریلی میں 7 جنوری کو ہونے والے مظاہرے پر بضد ہیں حالانکہ ہندو سماج کے کئی اہم ارکان نے ہریدوار میں نفرت انگیز تقریر کی مذمت کی تھی۔ اور یہ رویہ ممکنہ طور پر مسلمانوں کو زیادہ نقصان پہنچا سکتا ہے۔