پرمیشورن ائیر نیتی آیوگ کے نئے سی ای او مقرر

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | 1 Years ago
پرمیشورن ائیر  نیتی آیوگ کے نئے سی ای او مقرر
پرمیشورن ائیر نیتی آیوگ کے نئے سی ای او مقرر

 

 

آواز دی وائس، نئی دہلی

 حکومت ہند نے ریٹائرڈ آئی اے ایس افسر پرمیشورن ایر کو نیتی آیوگ کا نیا چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مقرر کیا ہے۔ پرمیشورن ائیر کی تقرری دو سال کے لیے کی گئی ہے۔

سرکاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ان کی میعاد موجودہ سی ای او امیتابھ کانت کی میعاد پوری ہونے کے بعد شروع ہوگی۔ موجودہ سی ای او امیتابھ کانت کی میعاد 30 جون2022 کو ختم ہورہی ہے۔

کانت کی میعاد جون 2021 میں ایک سال کی توسیع کی گئی تھی۔ کانت، کیرالہ کیڈر کے 1980 بیچ کے ریٹائرڈ آئی اے ایس افسر ہیں۔ وہ سنہ 2016 سے نیتی آیوگ کے سی ای او ہیں۔

پینے کے پانی اور صفائی ستھرائی کے سابق سکریٹری پرمیشورن ائیر نے گزشتہ سال جولائی میں اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ حکومت کے حکم میں کہا گیا ہے کہ اتر پردیش کیڈر کے 1981 بیچ کے آئی اے ایس افسر اور معروف صفائی ستھرائی کے ماہر، ائیر کو نیتی آیوگ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے طور پر دو سال کی مدت کے لیے یا اگلے احکامات تک (جو بھی پہلے ہو) مقرر کیا گیا ہے۔

ڈپارٹمنٹ آف پرسنل اینڈ ٹریننگ(DoPT) کے نوٹیفکیشن کے مطابق، ائیر کی تقرری انہی شرائط و ضوابط پر کی گئی ہے جو کانت پر لاگو کی گئی تھی۔

ائیر نے 2009 میں انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس سے رضاکارانہ ریٹائرمنٹ لے لی۔ پرمیشورن ائیر نے اقوام متحدہ میں دیہی پانی کی صفائی کے سینئر ماہر کے طور پر بھی کام کیا ہے۔ پرمیشورن ائیر 2016 میں پینے کے پانی اور صفائی ستھرائی کے محکمے کے سکریٹری کے طور پر واپس آئے۔ ائیر سوچھ بھارت ابھیان کی طاقت تھے۔

awazthevoic

 ان کے دور حکومت میں ملک میں کئی کروڑ بیت الخلاء بنائے گئے۔ جولائی 2020 میں، انہوں نے پینے کے پانی اور صفائی ستھرائی کے محکمے کے سیکرٹری کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا اور بعد میں امریکہ میں ورلڈ بینک میں شمولیت اختیار کی۔ پرمیشورن ائیر نے یوپی میں مایاوتی حکومت کے ساتھ تعلیم کے میدان میں بھی کام کیا ہے۔

 پرمیشورن ائیر کی تعریف کرتے ہوئے ایک پروگرام میں وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ پرمیشورن ائیر خود جا کر ٹوائلٹ صاف کرتے ہیں۔ آج یہ صرف پرمیشورن ائیر جیسے عہدیداروں کی وجہ سے ہے کہ یہ مانا جاتا ہے کہ ہم باپو (مہاتما گاندھی) کے خوابوں کو پورا کریں گے۔