نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے جمعہ کے روز پنچایتی راج دیوس کے موقع پر کہا کہ 73ویں آئینی ترمیم کے ذریعے کانگریس کی تاریخی پہل کا ہی نتیجہ ہے کہ آج ملک بھر میں تقریباً 15 لاکھ منتخب خواتین نمائندے پنچایتی راج اداروں میں سرگرم کردار ادا کر رہی ہیں، جو دنیا میں خواتین کی سب سے بڑی جمہوری شرکتوں میں سے ایک ہے۔
کانگریس کی حکومت کے دور میں 1993 میں 73ویں آئینی ترمیم کے ذریعے پنچایتی راج اداروں میں خواتین کے لیے کم از کم 33 فیصد ریزرویشن کو یقینی بنایا گیا تھا۔ راہل گاندھی نے ‘ایکس’ پر پوسٹ کیا، ’’پنچایتی راج، مہاتما گاندھی کے گرام سوراج کے خواب کو حقیقت بنانے کی سمت ایک مضبوط بنیاد رہا ہے۔ سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی نے بھارت کے دیہات کو بااختیار بناتے ہوئے انہیں ملک کی مرکزی دھارے سے جوڑا۔
انہوں نے ہر طبقے کو حقوق دلائے اور پنچایتی راج نظام کے ذریعے عوامی شمولیت کو یقینی بنایا۔‘‘ انہوں نے کہا، ’’پنچایتی راج خواتین کو بااختیار بنانے کا بھی ایک اہم ذریعہ رہا ہے۔ 1993 سے 73ویں آئینی ترمیم کے ذریعے خواتین کے لیے کم از کم 33 فیصد ریزرویشن یقینی بنایا گیا، جسے آج کئی ریاستوں میں بڑھا کر 50 فیصد تک کر دیا گیا ہے۔‘
‘ راہل گاندھی نے زور دے کر کہا کہ کانگریس کی اس تاریخی پہل کا نتیجہ ہے کہ آج ملک بھر میں 14 سے 15 لاکھ منتخب خواتین نمائندے پنچایتی راج اداروں میں فعال کردار ادا کر رہی ہیں، جو دنیا میں خواتین کی سب سے بڑی جمہوری شراکتوں میں شمار ہوتی ہیں۔
انہوں نے کہا، ’’پنچایتی راج نظام نے ملک کی خواتین کو قیادت کرنے اور سیاست میں اپنی شرکت کو یقینی بنانے کا سنہری موقع فراہم کیا ہے۔ ملک کے تمام سرپنچوں، پنچوں اور مقامی اداروں کے اراکین کو پنچایتی راج دیوس کی دلی مبارکباد۔‘‘ کانگریس کی جنرل سیکریٹری پریانکا گاندھی نے بھی ‘ایکس’ پر لکھا، ’’آزادی سے پہلے مہاتما گاندھی جی اور ہمارے عظیم انقلابیوں کا خواب تھا کہ آزاد بھارت میں عوام کو بالا دستی حاصل ہو اور اقتدار کی کنجی ہمارے گاؤں اور وہاں بسنے والے عام لوگوں کے ہاتھ میں ہو۔ اسی خواب کو حقیقت بنانے کے لیے آزادی کے بعد پنڈت جواہر لال نہرو نے پنچایتی راج نظام کی شروعات کی۔
ان کے مطابق بعد میں راجیو گاندھی نے اسے پورے ملک میں نافذ کیا اور ان کی کوششوں سے پنچایتوں میں خواتین کو ایک تہائی حصہ ملا، جس کے باعث آج لاکھوں خواتین پنچایتی نمائندے بن کر جمہوریت کو مضبوط بنا رہی ہیں۔ پریانکا گاندھی نے کہا، ملک کے تمام پنچایتی نمائندوں، اراکین اور ملازمین کو قومی پنچایتی راج دیوس کی دلی مبارکباد۔