نئی دہلی: اے آئی ایم آئی ایم کے صدر اسد الدین اویسی نے منگل کے روز پاکستان کے آرمی چیف عاصم منیر کی جانب سے امریکہ کی سرزمین سے ہندوستان کے خلاف تازہ ایٹمی دھمکی کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کو اس پر سیاسی ردعمل دینا چاہیے۔ اویسی نے پارلیمنٹ کے باہر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اس معاملے کو لے کر سخت ردعمل ظاہر کیا۔
اویسی نے کہا، ’’پاکستانی آرمی چیف کے الفاظ اور ان کی دھمکیاں قابلِ مذمت ہیں۔ افسوسناک بات یہ ہے کہ یہ سب امریکہ کی سرزمین سے ہو رہا ہے، جو ہندوستان کا اسٹریٹجک شراکت دار ہے۔ وہ ایک ’سڑک چھاپ آدمی‘ کی طرح بات کر رہے ہیں۔ ہمیں یہ بھی سمجھنے کی ضرورت ہے کہ پاکستانی فوج اور ان کے ڈیپ اسٹیٹ سے مسلسل خطرے کو دیکھتے ہوئے ہمیں اپنا دفاعی بجٹ بڑھانا ہوگا، تاکہ ہم تیار رہ سکیں۔
اس سے قبل اویسی نے ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا، پاکستانی آرمی چیف کی ہندوستان کے خلاف دھمکیاں اور زبان قابلِ مذمت ہیں۔ انہوں نے یہ سب امریکی سرزمین سے کیا، جس سے معاملہ اور بھی سنگین ہو جاتا ہے۔ اس پر مودی حکومت کی جانب سے سیاسی ردعمل کی ضرورت ہے، نہ کہ صرف وزارتِ خارجہ کے بیان کی۔اس سے پہلے پاکستان کے آرمی چیف عاصم منیر نے ہندوستان کو گیڈڑ بھبکی دی تھی۔
منیر نے کہا تھا کہ اگر ہندوستان نے سندھ دریا کا پانی روکنے کے لیے بند بنایا تو ہمارے پاس میزائلوں کی کمی نہیں ہے۔ ہم دس میزائل مار کر اس بند کو اڑا دیں گے۔ امریکہ کے دورے پر گئے منیر نے یہ دھمکی فلوریڈا کے ٹامپا میں پاکستانی نژاد تاجر عدنان اسد کی جانب سے رکھے گئے عشائیے میں دی تھی۔ پاکستانی آرمی چیف عاصم منیر کے بیانات پر ہندوستان نے سخت ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔
عاصم منیر کو کڑی پھٹکار لگاتے ہوئے وزارتِ خارجہ نے کہا تھا کہ ہمارا دھیان پاکستانی آرمی چیف کی جانب سے امریکہ کے دورے کے دوران مبینہ طور پر دی گئی ان ٹپّنیوں کی طرف گیا ہے۔ ایٹمی ہتھیار کی دھمکیاں دینا پاکستان کی عادت ہے۔ عالمی برادری ان بیانات میں چھپی غیر ذمے داری کے بارے میں اپنے نتائج اخذ کر سکتی ہے۔
منیر کا بیان ایسے ملک میں ایٹمی کمان اور کنٹرول کی سالمیت پر گہری شکوک ظاہر کرتا ہے جہاں فوج دہشت گرد گروپوں کے ساتھ ملی ہوئی ہے۔ یہ بھی افسوسناک ہے کہ یہ بیانات کسی دوست ملک کی سرزمین سے دیے گئے ہیں۔ ہندوستان پہلے ہی واضح کر چکا ہے کہ وہ ایٹمی بلیک میل کے آگے نہیں جھکے گا۔ ہم اپنی قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر ضروری قدم اٹھاتے رہیں گے۔