پاکستانی ایئرلائن کی غلطی، مسافر کراچی کی بجائے سعودی عرب پہنچا

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 14-07-2025
پاکستانی ایئرلائن کی غلطی، مسافر کراچی کی بجائے سعودی عرب پہنچا
پاکستانی ایئرلائن کی غلطی، مسافر کراچی کی بجائے سعودی عرب پہنچا

 



کراچی/ آواز دی وائس
پاکستان کی ایک نجی ایئرلائن کی سنگین غلطی کے باعث لاہور سے کراچی جانے والا ایک مسافر غلطی سے سعودی عرب پہنچ گیا، بعد میں اُسے واپس پاکستان بھیج دیا گیا۔ یہ واقعہ 7 جولائی کو پیش آیا جب کراچی کے ایک الیکٹریکل انجینئر ملک شہزین "ایئرسیال" کی پرواز میں لاہور سے سوار ہوئے۔
شہزین کے مطابق، ان کے بچے کی طبیعت بگڑنے پر وہ لاہور سے کراچی لوٹ رہے تھے۔ انہوں نے وقت پر ایئرپورٹ پہنچ کر اپنا بک شدہ بورڈنگ پاس دکھایا، جس کے بعد انہیں روانگی لاؤنج اور گیٹ کی طرف بھیج دیا گیا۔ شہزین کا کہنا ہے کہ "ایئرسیال" کے دو طیارے وہاں موجود تھے، ایک کراچی کے لیے اور دوسرا جدہ کے لیے۔ عملے نے بغیر تصدیق کے انہیں بین الاقوامی پرواز میں سوار کرا دیا۔ انہیں اس وقت احساس ہوا جب دو گھنٹے گزرنے کے باوجود جہاز نہیں اترا۔
مسافر جدہ میں اُترا، جبکہ اس کا سامان کراچی پہنچ گیا۔ جدہ ایئرپورٹ پر امیگریشن حکام نے کئی گھنٹوں تک پوچھ گچھ کی، بعد میں حقیقت سامنے آنے پر انہوں نے ایئرلائن کو ہدایت دی کہ اُسے واپس پاکستان روانہ کریں۔
واپسی پر شہزین کو دوبارہ ٹکٹ خریدنے کے لیے کہا گیا۔ انجینئر نے دعویٰ کیا کہ ایئرلائن عملے نے اپنی غلطی تسلیم کی ہے، لیکن تاحال کوئی باضابطہ معذرت یا وضاحت جاری نہیں کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ "ایئرسیال" پاکستان کی نجی ایئرلائن ہے، اور سول ایوی ایشن اتھارٹی اس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔