پاکستان کو گولی کا جواب گولے سے دیا جائے گا: مودی

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 31-05-2025
پاکستان کو گولی کا جواب گولے سے دیا جائے گا: مودی
پاکستان کو گولی کا جواب گولے سے دیا جائے گا: مودی

 



بھوپال/ آواز دی وائس 

وزیراعظم نریندر مودی نے بھوپال میں منعقدہ "لوک ماتا اہلیابائی خواتین بااختیاری پروگرام" سے خطاب کرتے ہوئے ملک کی بیٹیوں کے لیے کی گئی ترقیاتی کوششوں کا ذکر کیا۔ انہوں نے پہلگام حملے میں بیٹیوں کے سہاگ چھیننے والے دہشت گردوں کے خلاف چلائے گئے "آپریشن سیندور" کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں نے ناری شکتی کو چیلنج دیا، اور یہ چیلنج دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کے لیے موت ثابت ہوا۔

وزیراعظم نے کہا کہ آپریشن سیندور" ہندوستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اور کامیاب آپریشن ہے۔ جہاں پاکستان کی فوج نے کبھی سوچا بھی نہ تھا، وہاں ہماری فوج نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کر دیا۔ سینکڑوں کلومیٹر اندر گھس کر دشمن کو مٹی میں ملا دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ "آپریشن سندور" نے صاف پیغام دے دیا ہے کہ دہشت گردی کے ذریعے پراکسی وار نہیں چلے گا۔ ہم گھر میں گھس کر بھی ماریں گے، اور جو دہشت گردوں کی مدد کرے گا، اسے بھی اس کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ اب ہندوستان کا ہر شہری کہہ رہا ہے کہ اگر تم گولی چلاؤ گے، تو جواب گولے سے دیا جائے گا۔

وزیراعظم نے لوک ماتا اہلیابائی ہولکر کی جینتی پر خواتین کے لیے حکومت کی جانب سے کی گئی اسکیموں اور ترقیاتی کاموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کے بینک کھاتوں سے لے کر ان کو بااختیار بنانے کی اسکیموں تک، حکومت نے کئی اہم قدم اٹھائے ہیں۔

انہوں نے "ڈرون دیدی" مہم کا بھی ذکر کیا، جو بھوپال سے شروع کی گئی ہے۔ سیندور کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ رام بھگتی میں رنگے ہنومان جی بھی سیندور دھارن کرتے ہیں، اور آج یہی سیندور ہندوستانی بہادری اور شجاعت کی پہچان بن چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلگام میں دہشت گردوں نے نہ صرف ہندوستانیوں کا خون بہایا بلکہ ہماری ثقافت پر بھی حملہ کیا اور سماج کو بانٹنے کی کوشش کی۔

عزم اور حوصلے سے بدلے جا سکتے ہیں حالات

وزیراعظم نے کہا کہ جیسے ہی لوک ماتا اہلیابائی ہولکر کا نام لیا جاتا ہے، دل میں عقیدت کے جذبات جاگ اٹھتے ہیں۔ ان کے عظیم کردار کو بیان کرنے کے لیے الفاظ کم پڑ جاتے ہیں۔ وہ اس بات کی علامت ہیں کہ اگر مضبوط ارادہ اور خواہش ہو تو کتنے ہی مشکل حالات کیوں نہ ہوں، کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔

ڈھائی تین سو سال پہلے، جب ملک غلامی کی زنجیروں میں جکڑا ہوا تھا، اس وقت ایسے عظیم کام کر جانا کہ آنے والی نسلیں یاد رکھیں، کہنا آسان ہے لیکن کرنا بہت مشکل تھا۔ لوک ماتا اہلیابائی نے بھگوان کی خدمت اور عوامی خدمت کو کبھی الگ نہیں سمجھا۔

غریبوں کو بااختیار بنانے کے لیے کام کیا

وزیراعظم مودی نے کہا کہ کہا جاتا ہے اہلیابائی ہمیشہ اپنے ساتھ شیولنگ لے کر چلتی تھیں۔ اس کٹھن دور میں ایک ریاست کی قیادت کرنا کسی کانٹوں سے بھرے تاج کو پہننے جیسا تھا۔ کوئی سوچ بھی نہیں سکتا کہ انہوں نے کانٹوں سے بھرے اس تاج کے ساتھ اپنی ریاست کو ترقی کی نئی راہ دکھائی۔ انہوں نے سب سے غریب افراد کو بااختیار بنانے کے لیے انتھک کام کیا۔ وہ ہندوستانی وراثت کی ایک بڑی محافظ تھیں۔

اہلیابائی نے ترقیاتی کاموں کی مثال قائم کی

جب ملک کی ثقافت، مندروں اور تیرتھ استھلوں پر حملے ہو رہے تھے، اس وقت لوک ماتا نے ان کی حفاظت کا بیڑا اٹھایا۔ انہوں نے کاشی وشوناتھ سمیت پورے ہندوستان میں کئی مندروں اور مقدس مقامات کی ازسر نو تعمیر کرائی۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ میرا نصیب ہے کہ جس کاشی میں اہلیابائی نے اتنے ترقیاتی کام کیے، اسی کاشی نے مجھے بھی خدمت کا موقع دیا۔ آج اگر آپ کاشی وشوناتھ کے درشن کرنے جائیں، تو وہاں آپ کو اہلیابائی ہولکر کی مورتی بھی نظر آئے گی۔

انتظامی ماڈل میں غریبوں کو ترجیح

اہلیابائی نے ایسا شاندار گورننس ماڈل اپنایا، جس میں غریبوں اور پسماندہ طبقات کو سب سے زیادہ ترجیح دی گئی۔ کاروبار بڑھانے کے لیے کئی اسکیمیں شروع کیں۔ زراعت اور جنگلات کی پیداوار پر مبنی گھریلو صنعتوں اور ہنرکاری کو فروغ دیا۔ کھیتی کو بڑھاوا دینے کے لیے چھوٹی چھوٹی نہریں بنوا کر انہیں ترقی دی۔

آدیواسیوں کے لیے بھی کام کیا

انہوں نے آدیواسی سماج اور خانہ بدوش قبیلوں کے لیے خالی زمینوں پر کھیتی کرنے کے منصوبے بنائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ مجھے یہ سعادت حاصل ہے کہ آج جب ایک آدیواسی بیٹی ہندوستان کی صدر کے عہدے پر فائز ہیں، تو ان کی رہنمائی میں آدیواسی بھائی بہنوں کی خدمت کرنے کا موقع مجھے ملا ہے۔

مشہور ماہیشوری ساڑی کو فروغ دیا

اہلیابائی نے مشہور ماہیشوری ساڑی کے لیے نئے صنعتیں قائم کیں۔ بہت کم لوگوں کو معلوم ہوگا کہ وہ ہنر کی قدردان تھیں۔ وہ گجرات کے جوناگڑھ سے کچھ خاندانوں کو ماہیشور لے آئیں اور ان کے ساتھ مل کر ماہیشوری ساڑی کا کام آگے بڑھایا، جو آج بھی کئی خاندانوں کے لیے فخر کا باعث ہے۔

یہ تمام باتیں وزیراعظم نریندر مودی نے اہلیابائی ہولکر کی 300ویں جینتی کے موقع پر منعقدہ پروگرام میں کہیں۔