اقوام متحدہ: ہندوستان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں دہشت گردی پر وزیرِ خارجہ ایس۔ جے شنکر کی تقریر پر ردعمل ظاہر کرنے پر پاکستان کو نشانہ بنایا اور کہا کہ پاکستان کا یہ ردعمل سرحد پار دہشت گردی کو فروغ دینے کی اپنی دیرینہ حرکت کو تسلیم کرنے جیسا ہے۔
جے شنکر نے ہفتے کو جنرل اسمبلی میں اپنے خطاب میں پاکستان کا نام لیے بغیر کہا، ’’دنیا میں بڑے دہشت گردانہ حملوں کا تعلق ایک ہی ملک سے ہے۔ وہ پڑوسی جو عالمی دہشت گردی کا مرکز ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ہندوستان آزادی کے بعد سے ہی دہشت گردی کے چیلنج کا سامنا کر رہا ہے۔
جے شنکر کے خطاب کے بعد شام کے وقت پاکستان نے جواب دینے کے اپنے حق کا استعمال کرتے ہوئے ہندوستان پر دہشت گردی کے حوالے سے ’’جھوٹے الزامات‘‘ لگانے اور ’’پاکستان کی شبیہہ کو داغدار کرنے‘‘ کا الزام عائد کیا۔
پاکستان کے ردعمل کا جواب دیتے ہوئے ہندوستان نے کہا کہ یہ ’’اس بات کی علامت ہے کہ ایک پڑوسی نے سرحد پار دہشت گردی کو فروغ دینے کی اپنی طویل المدتی پالیسی کو قبول کر لیا ہے، جبکہ اس کا نام بھی نہیں لیا گیا تھا۔‘‘
اقوام متحدہ میں ہندوستانی مستقل مشن کے دوسرے سیکریٹری رینتلا سرینواس نے کہا، ’’پاکستان کی ساکھ ہی سب کچھ بتا رہی ہے۔ مختلف جغرافیائی خطوں میں دہشت گردی سے جڑا اس کا کردار صاف نظر آ رہا ہے۔ یہ نہ صرف اس کے پڑوسیوں کے لیے بلکہ پوری دنیا کے لیے خطرہ ہے۔‘‘ سرینواس نے کہا، ’’کوئی بھی دلیل یا جھوٹ کبھی بھی دہشت گردوں کے جرائم کو چھپا نہیں سکتا!‘‘