نئی دہلی/ آواز دی وائس
دہلی پولیس نے تین ماہ طویل آپریشن کے دوران پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے نیٹ ورک کو بے نقاب کر کے ایک اہم کامیابی حاصل کی ہے۔ پولیس کے مطابق یہ آپریشن جنوری سے مارچ 2025 تک جاری رہا، جس میں مرکزی ایجنسیاں بھی شامل تھیں۔ اس دوران دو جاسوسوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
گرفتار ہونے والوں میں نیپالی نژاد جاسوس انسارال میاں انصاری بھی شامل ہے، جس کے قبضے سے ہندوستانی مسلح افواج سے متعلق کئی خفیہ دستاویزات برآمد کی گئی ہیں۔ گرفتار دونوں آئی ایس آئی ایجنٹ اس وقت دہلی کی تہاڑ جیل میں بند ہیں۔
پاکستان میں ملی تھی ٹریننگ
ذرائع کے مطابق، انصاری کو دہلی کے ایک ہوٹل سے اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ پاکستان فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔ اس نے پوچھ گچھ میں انکشاف کیا کہ وہ پہلے قطر میں کیب ڈرائیور کے طور پر کام کرتا تھا، جہاں اس کی ملاقات آئی ایس آئی کے ایک ہینڈلر سے ہوئی۔ بعد ازاں وہ پاکستان گیا، جہاں آئی ایس آئی کے اعلیٰ افسران نے اسے کئی دنوں تک خصوصی تربیت دی۔
ٹریننگ مکمل ہونے کے بعد، انصاری کو نیپال کے راستے دہلی بھیجا گیا اور ہدایت دی گئی کہ وہ ہندوستان کے حساس دستاویزات کی سی ڈی بنا کر پاکستان روانہ کرے۔ تفتیش کے دوران پولیس کو جھارکھنڈ کے رانچی کے رہائشی اخلاق اعظم کے بارے میں بھی پتا چلا، جو انصاری کی مدد کر رہا تھا۔ اخلاق کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔ یہ دونوں افراد آئی ایس آئی کے ہینڈلرز سے مسلسل رابطے میں تھے۔
آئی ایس آئی ایس سے جڑے دہشت گرد بھی گرفتار
حال ہی میں، نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے پونے آئی ایس آئی ماڈیول کیس میں ممبئی ایئرپورٹ سے عبداللہ فیاض شیخ عرف دیپر والا اور طلحہ لیاقت خان نامی دو دہشت گردوں کو گرفتار کیا ہے، جو کہ بین الاقوامی دہشت گرد تنظیم آئی ایس آئی سے منسلک تھے۔ ان دونوں کے خلاف این آئی اے اسپیشل کورٹ، ممبئی نے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیے تھے اور دونوں گزشتہ دو سال سے مفرور تھے۔ ان کی اطلاع دینے پر ستمبر 2023 میں 3 لاکھ روپے انعام کا اعلان بھی کیا گیا تھا۔
یہ واقعات ظاہر کرتے ہیں کہ دشمن ایجنسیاں نہ صرف خفیہ معلومات حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہیں بلکہ دہشت گردی کے نیٹ ورکس کو بھی فعال بنانے کی سازشوں میں مصروف ہیں۔ تاہم ہندوستانی سلامتی ایجنسیاں ان سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے پوری طرح مستعد ہیں۔