پاکستان:دھماکا میں 7 افراد ہلاک ، 18 سے زائد زخمی

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 12-05-2026
پاکستان:دھماکا میں 7 افراد ہلاک ، 18 سے زائد زخمی
پاکستان:دھماکا میں 7 افراد ہلاک ، 18 سے زائد زخمی

 



لکی مروت: خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت کے سرائے نورنگ بازار میں ایک افسوسناک دھماکا ہوا ہے جس میں 7 افراد ہلاک اور 18 سے زائد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق دھماکے کے بعد 7 لاشیں نورنگ اسپتال منتقل کی گئیں، جن میں 2 ٹریفک پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔

زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی موجود ہیں، جبکہ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق دھماکے میں استعمال ہونے والی گاڑی میں ایک من سے زائد بارودی مواد موجود تھا۔ ڈی پی او نذیر خان نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ ایک شدید نوعیت کا حملہ تھا، تاہم یہ واضح نہیں ہو سکا کہ دھماکا خودکش تھا یا ریموٹ کنٹرول کے ذریعے کیا گیا، جس کی مزید تفتیش جاری ہے۔

واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے اور شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید ہونے والے اہلکاروں اور شہریوں کے اہل خانہ سے اظہارِ ہمدردی کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت اور ادارے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں اور کسی کو بھی ملک کے امن کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

وزیرِ اعظم نے واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے ذمہ داران کو جلد قانون کے کٹہرے میں لانے کی ہدایت کی ہے۔ ادھر وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے آئی جی پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔