پہلگام حملے کے ملزمان کے پولی گراف اور نارکو ٹیسٹ کرانے کی عرضی خارج

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 11-09-2025
پہلگام حملے کے ملزمان کے پولی گراف اور نارکو ٹیسٹ کرانے کی عرضی خارج
پہلگام حملے کے ملزمان کے پولی گراف اور نارکو ٹیسٹ کرانے کی عرضی خارج

 



جموں: جموں کی ایک خصوصی عدالت نے پہلگام دہشت گرد حملے کے سلسلے میں گرفتار دو افراد کے ’’پولی گراف ٹیسٹ‘‘ اور ’’نارکو اینالیسس‘‘ ٹیسٹ کرانے کی این آئی اے کی عرضی کو خارج کر دیا ہے اور کہا ہے کہ ’’سائنسی تکنیکیں‘‘ خود کے خلاف گواہی نہ دینے کے حق کی خلاف ورزی کرتی ہیں۔

قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے عدالت کو بتایا تھا کہ ملزمان نے اپنی بے گناہی ثابت کرنے کے لیے ان دونوں ٹیسٹوں کے لیے رضامندی دے دی ہے۔ مرکزی ایجنسی نے 22 اپریل کو ہوئے دہشت گردانہ حملے کے پانچ دن بعد یہ کیس اپنے ہاتھ میں لیا تھا۔ اس حملے میں 26 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

تاہم، ملزم بشیر احمد جوٹد اور پرویز احمد نے این آئی اے کے دعوے کی تردید کی۔ انہیں دہشت گردوں کو پناہ دینے کے الزام میں 26 جون کو گرفتار کیا گیا تھا۔ عدالت نے اپنے چھ صفحات پر مشتمل حکم نامے میں کہا، ’’آج دونوں ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا… دونوں نے کھلی عدالت میں کہا کہ وہ پولی گراف یا نارکو اینالیسس ٹیسٹ کرانے کے خواہش مند نہیں ہیں۔‘‘

یہ حکم 29 اگست کو سنایا گیا تھا جس کی تفصیلات اب منظر عام پر آئی ہیں۔ اس میں کہا گیا ہے کہ این آئی اے کے مرکزی تفتیشی افسر نے عدالت سے دونوں ملزمان کا ’’پولی گراف ٹیسٹ‘‘ اور ’’نارکو اینالیسس‘‘ کرانے کی اجازت مانگی تھی۔ بچاؤ فریق کے وکیل نے این آئی اے کے اس دعوے کو بھی مسترد کر دیا کہ جوٹد اور احمد نے رضاکارانہ طور پر ٹیسٹوں کے لیے آمادگی ظاہر کی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ چونکہ این آئی اے نے ملزمان سے حراست میں رضاکارانہ بیان نہیں لیا تھا، اس لیے یہ عرضی مسترد کی جانی چاہیے۔ عدالت نے کہا کہ کسی شخص پر اس کی مرضی کے خلاف نارکو اینالیسس، پولی گراف ٹیسٹ جیسی سائنسی تکنیکیں نافذ کرنا آئین میں دیے گئے خود کے خلاف گواہی نہ دینے کے حق کی خلاف ورزی ہوگی۔ حکم نامے میں عدالت نے ’’پولی گراف ٹیسٹ‘‘، ’’نارکو اینالیسس‘‘ اور برین الیکٹریکل ایکٹیویشن پروفائل‘‘ پر کرناٹک ہائی کورٹ کے فیصلے اور قومی انسانی حقوق کمیشن کی ہدایات کا بھی حوالہ دیا۔