بترا اسپتال میں آکسیجن کی کمی، 12 مریضوں کی موت

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 02-05-2021
بترا اسپتال
بترا اسپتال

 

 

نئی دہلی

قومی دارالحکومت کے بٹرا اسپتال میں ہفتے کے روز 12 مریضوں کی لکوڈ میڈیکل آکسیجن کی کمی کی وجہ سے موت ہوگئی۔ ہسپتال کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر ایس سی ایل گپتا نے یو این آئی کو بتایا کہ آکسیجن کی کمی اور وقت پر اس کی فراہمی نہ ہونے کی وجہ سے آج 12 مریض اپنی جانیں گنوا بیٹھے۔

انہوں نے کہا ’’ہم نے آکسیجن سلنڈر کا بندوبست کرنے کی کوشش کی ، لیکن مریضوں کی جان نہیں بچائی جاسکی۔ مرنے والوں میں اسپتال کے گیسرو لاجسٹس ڈاکٹر آر کے ہمتھانی بھی شامل ہیں۔ اسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سودانشو بنکٹا نے بتایا کہ اسپتال دہلی حکومت کے ساتھ رابطے میں ہے اور آکسیجن کا ٹینکرمنگوایا ہے۔

دریں اثنا ، دہلی میں حکمران عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی راگھو چڈھا نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ لکوڈ میڈیکل آکسیجن لے جانے والا ہمارا ایس او ایس کرائیوجنک ٹینکر پانچ منٹ میں بٹرا اسپتال پہنچ رہا ہے۔

یہ پہلا موقع نہیں جب دہلی میں آکسیجن کی کمی کی وجہ سے مریضوں کی موت ہو۔ اس سے قبل سر گنگا رام اور جے پور گولڈن اسپتال میں کم از کم 45 مریضوں کی موت ہوچکی ہیں۔

واضح رہے کہ انڈسٹری سے پاک زون ہونے کی وجہ سے دہلی میں آکسیجن پلانٹ نہیں ہیں اور وہ مائع طبی آکسیجن کی فراہمی کے لئے مرکز اور دیگر ریاستوں پر مکمل انحصار کرتا ہے۔

کورونا کی دوسری لہر نے دہلی کو بری طرح متاثر کیا ، کورونا کے بڑھتی وبا کی وجہ سے اسپتالوں میں جگہ نہیں ہے اور زندگی بچانے والی آکسیجن کی کافی قلت ہے۔ (ایجنسی ان پٹ)