اویسی نے نتیش حکومت کی حمایت کا اعلان کیا، مگر شرط کے ساتھ

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 22-11-2025
اویسی نے نتیش حکومت کی حمایت کا اعلان کیا، مگر شرط کے ساتھ
اویسی نے نتیش حکومت کی حمایت کا اعلان کیا، مگر شرط کے ساتھ

 



کٹیہار : حیدرآباد کے رکن پارلیمان اور اے آئی ایم آئی ایم کے صدر اسدالدین اویسی نے کہا ہے کہ وہ نتیش کمار کی حکومت کو حمایت دینے کے لیے تیار ہیں، لیکن ساتھ ہی انہوں نے ایک اہم شرط بھی رکھی ہے۔ اویسی نے کہا کہ سیمانچل کو اس کا حق ملنا چاہیے۔

انہوں نے یہ بات عامور میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ان کے مطابق سیمانچل کے علاقے دہائیوں سے نظرانداز کیے جاتے رہے ہیں، اب صورتحال بہتر ہونی چاہیے۔ اویسی نے کہا کہ وہ نتیش کمار کی حکومت کا ساتھ دینے کے لیے راضی ہیں، بشرطیکہ سیماچل کو انصاف ملے۔ ان کا کہنا تھا کہ ترقی صرف پٹنہ اور راجگیر تک محدود نہیں رہنی چاہیے۔

سیماچل کے علاقے ہجرت، بدعنوانی اور بنیادی مسائل سے دوچار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنے منتخب شدہ ایم ایل ایز کے کام پر مکمل نظر رکھیں گے۔ اویسی کے مطابق: ہماری پارٹی کے پانچوں ایم ایل ایز ہفتے میں دو دن اپنے دفتر میں بیٹھیں گے۔ وہ اپنی لائیو لوکیشن بھی مجھے بھیجیں گے۔ میں ہر چھ مہینے میں ان علاقوں کا دورہ کروں گا۔

حالیہ اسمبلی انتخابات میں این ڈی اے نے سیماچل کے 14 حلقے جیتے ہیں۔ اس بار اویسی نے پانچ نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔ 2020 کے انتخابات میں بھی اے آئی ایم آئی ایم نے یہاں پانچ سیٹیں جیتی تھیں، مگر ان میں سے چار ایم ایل اے بعد میں آر جے ڈی میں شامل ہوگئے تھے۔ تازہ انتخابات نے ثابت کر دیا ہے کہ سیماچل کے لوگ اویسی کی پارٹی پر بھروسہ کرتے ہیں۔ ان کی پارٹی نے علاقے کی پانچوں نشستیں جیت لی ہیں۔ یہ علاقے مسلم آبادی کی اکثریت رکھتے ہیں۔

ان میں کوسی ندی بھی بہتی ہے، جس کی سیلابی صورتحال اکثر یہاں کی آبادی کو متاثر کرتی ہے۔ یہ علاقے زیادہ تر دیہی آبادی پر مشتمل ہیں۔ قابلِ ذکر ہے کہ اس بار بہار اسمبلی انتخابات میں این ڈی اے نے بھاری اکثریت کے ساتھ کامیابی حاصل کی ہے جبکہ مہاگٹھ بندھن کو توقع کے برعکس بہت کم نشستیں ملی ہیں۔ نتیش کمار نے دسویں مرتبہ ریاست کے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا ہے۔