دہلی اے آئی سمٹ: 10,000 سے زیادہ پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 10-02-2026
دہلی اے آئی سمٹ: 10,000 سے زیادہ پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے
دہلی اے آئی سمٹ: 10,000 سے زیادہ پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے

 



نئی دہلی
ہندوستانی دارالحکومت میں انڈیا-اے آئی امپیکٹ سمٹ کے دوران سخت سکیورٹی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ پولیس کے ایک افسر نے منگل کو بتایا کہ 16 فروری سے 20 فروری تک جاری رہنے والے اس پانچ روزہ اجلاس کے دوران 10 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ یہ پانچ روزہ عالمی اجلاس ہندوستان منڈپم میں منعقد ہوگا، جس میں 30 سے زائد ممالک سے ہزاروں مندوبین کی شرکت متوقع ہے۔
پولیس افسر کے مطابق، صرف ہندوستان منڈپم اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں ہی 10 ہزار سے زائد دہلی پولیس اہلکار تعینات ہوں گے۔ ان میں ضلعی پولیس، ٹریفک پولیس، خصوصی یونٹس اور ریزرو فورسز شامل ہوں گی۔ پولیس نے بتایا کہ دہلی کے تقریباً تمام اضلاع سے افسران اور اہلکار اس سمٹ کی سکیورٹی ڈیوٹی کے لیے بلائے گئے ہیں۔ ہر ضلع سے 800 سے 1000 اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
افسر نے کہا كہ ایونٹ سے تقریباً ایک ہفتہ پہلے ہی سکیورٹی تعیناتی شروع کر دی گئی تھی تاکہ راستوں، مقامات اور معیاری آپریٹنگ طریقۂ کار سے مکمل واقفیت حاصل کی جا سکے۔ دہلی پولیس نے مختلف یونٹس اور ایجنسیوں کے درمیان بہتر تال میل کے لیے ایک خصوصی اے آئی امپیکٹ سمٹ سیل بھی قائم کیا ہے۔ یہ امپیکٹ سیل سکیورٹی منصوبہ بندی، انٹیلیجنس شیئرنگ، ٹریفک مینجمنٹ اور سمٹ کے دوران فوری ردعمل کے لیے ایک مرکزی رابطہ مرکز کے طور پر کام کرے گا۔
پولیس افسر کے مطابق، مرکزی مسلح پولیس فورسز اور ایمرجنسی ریسپانس یونٹس سمیت مختلف سکیورٹی ایجنسیوں کے ساتھ تال میل میٹنگز جاری ہیں۔ سکیورٹی میں کسی بھی قسم کی کمی نہ رہ جائے، اس کے لیے باقاعدہ بین الادارہ اجلاس منعقد کیے جا رہے ہیں۔
سمٹ کی حساس نوعیت کو دیکھتے ہوئے، مقام تک رسائی سختی سے محدود رکھی جائے گی۔ صرف تصدیق شدہ مندوبین اور عملے کو کیو آر کوڈ پاس کے ذریعے داخلے کی اجازت ہوگی۔
دہلی ٹریفک پولیس سمٹ کے دوران ٹریفک ڈائیورژن سے متعلق معلومات وقتاً فوقتاً اپنے سوشل میڈیا ہینڈلز پر جاری کرے گی۔
افسر نے مزید بتایا كہ ٹریفک مینجمنٹ بھی اس سمٹ کے دوران ایک اہم پہلو ہوگا۔ تقریباً 5 ہزار ٹریفک پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے تاکہ گاڑیوں کی آمدورفت ہموار رہے اور متبادل راستوں کو منظم کیا جا سکے۔ ایمرجنسی طبی سہولیات کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، اور وی وی آئی پی نقل و حرکت کے تمام راستوں پر ہر وقت کئی ایمبولینسز تیار حالت میں موجود رہیں گی۔