پٹنہ: بہار کے 14 اضلاع میں سیلاب سے 43 لاکھ سے زیادہ افراد متاثر ہوئے ہیں، جبکہ کئی ندیاں اب بھی خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہیں۔ حکام نے جمعرات کو یہ اطلاع دی۔ محکمہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ (ڈی ایم ڈی) کے مطابق مختلف اضلاع میں مسلسل بارش اور نیپال کے آبی علاقوں میں شدید بارش کے باعث ندیوں کی سطح آب میں اضافہ ہوا ہے۔ کئی مقامات پر ندیاں خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہیں۔
محکمے کے بیان کے مطابق پٹنہ، بھوجپور، سارن، ویشالی، بھاگلپور، بیگوسرائے، بکسر، سمستی پور، مونگیر، کٹیہار، لکھی سرائے، کھگڑیا، پورنیہ اور ارریہ اضلاع کے 85 بلاکس کی 527 گرام پنچایتوں میں تقریباً 43.64 لاکھ افراد سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مرکز کے مطابق ستمبر میں اب تک ریاست میں 83.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے، جو معمول سے 24 فیصد زیادہ ہے۔
ڈی ایم ڈی کے تازہ بلیٹن کے مطابق جمعرات کی صبح 6 بجے بھاگلپور کے سلطان گنج میں گنگا ندی کی سطح آب 36.72 میٹر ریکارڈ کی گئی، جو خطرے کے نشان سے 2.22 میٹر زیادہ ہے۔ تاہم پانی کی سطح فی الحال مستحکم ہے۔ گنڈک ندی ڈومریا گھاٹ، کوسی ندی بلتارا اور کرسیلا، بوڑھی گنڈک کھگڑیا، جبکہ گنگا دیگھا، گاندھی گھاٹ، ہاتھیدہ، بھاگلپور، کہل گاؤں اور مونگیر میں خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہے۔ اسی طرح پون پون ندی سری پال پور، باگمتی ندی بینی آباد اور گھگھرا ندی درولی اور گنگ پور سسوان میں بھی خطرے کی سطح سے اوپر ہے۔
محکمے نے بتایا کہ سیلاب متاثرین کے لیے مختلف اضلاع میں 951 کمیونٹی کچن چلائے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ 15 راحتی کیمپوں میں 11,255 سیلاب متاثرین کے لیے رہائش، کھانے، طبی سہولت اور دیگر ضروری انتظامات کیے گئے ہیں۔ اب تک متاثرہ لوگوں میں 2.57 لاکھ پولی تھین شیٹ اور 40,600 خشک راشن کے پیکٹ تقسیم کیے جا چکے ہیں۔
راحت اور انخلا کے کام کے لیے 1,932 کشتیاں چلائی جا رہی ہیں، جبکہ 6,692 کوئنٹل مویشیوں کا چارہ بھی تقسیم کیا گیا ہے۔ بیان کے مطابق جمعرات کی صبح 6 بجے گنڈک بیراج سے 77,600 کیوسک، کوسی بیراج سے 1,40,240 کیوسک اور اندرپوری بیراج (سون ندی) سے 72,095 کیوسک پانی کا بہاؤ ریکارڈ کیا گیا۔ تینوں مقامات پر پانی کے بہاؤ کی صورتحال مستحکم ہے۔ ممکنہ سیلاب اور فوری راحت و بچاؤ کے کاموں کے پیش نظر ریاست کے مختلف اضلاع میں ایس ڈی آر ایف کی 27 اور این ڈی آر ایف کی 10 ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔ بہار محکمہ موسمیات کے مرکز نے اگلے دو دن کے دوران ریاست کے کچھ علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش اور ایک دو مقامات پر شدید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔