دہلی کی نچلی عدالتوں میں 15.8 لاکھ سے زائد مقدمات زیر التوا

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 05-02-2026
دہلی کی نچلی عدالتوں میں 15.8 لاکھ سے زائد مقدمات زیر التوا
دہلی کی نچلی عدالتوں میں 15.8 لاکھ سے زائد مقدمات زیر التوا

 



نئی دہلی: دہلی کی نچلی عدالتوں میں 15.8 لاکھ سے زیادہ مقدمات زیر التوا ہیں۔ ان میں تاخیر کی بڑی وجوہات وکیل کی غیر حاضری، عدالت کی جانب سے عائد کردہ روک (اسٹے) اور عدالتی عمل میں تاخیر بتائی گئی ہیں۔ یہ معلومات قومی عدالتی ڈیٹا گرڈ (این جے ڈی جی) کے اعداد و شمار سے سامنے آئی ہیں۔

قومی عدالتی ڈیٹا گرڈ، جسے سپریم کورٹ کی ای-کمیٹی کے ذریعے منظم کیا جاتا ہے، ملک بھر کی عدالتوں میں زیر التوا مقدمات اور ان کے تصفیے سے متعلق اعداد و شمار فراہم کرتا ہے، جس کا مقصد عدالتی نظام میں شفافیت بڑھانا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق، مجسٹریٹ عدالتوں کے مقدمات کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔

دہلی کی ضلعی عدالتوں میں 10,05,813 مقدمات زیر التوا ہیں۔ اس کے بعد مختلف نوعیت کی 2,92,670 فوجداری شکایات، 96,495 دیوانی مقدمات اور سیشن عدالتوں کے 40,964 مقدمات زیر التوا ہیں۔ دیگر زیر التوا مقدمات میں 20,955 متفرق دیوانی معاملات اور 20,043 موٹر حادثہ کلیم درخواستیں بھی شامل ہیں۔

مجموعی طور پر تمام زمروں میں زیر التوا مقدمات کی تعداد 15,85,216 ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق تاخیر کی سب سے بڑی وجہ “وکیل کی عدم دستیابی” ہے، جس کے باعث 3,27,732 مقدمات رکے ہوئے ہیں۔ اس کے بعد 2,17,905 مقدمات مختلف دیگر وجوہات کی بنا پر التوا کا شکار ہیں۔ کافی تعداد میں مقدمات یعنی 26,123 اس وجہ سے لٹکے ہوئے ہیں کہ ملزم مفرور ہیں، جبکہ 20,571 مقدمات میں ضروری دستاویزات کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

اعداد و شمار سے یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ گواہوں کی غیر موجودگی کے باعث 9,183 مقدمات میں تاخیر ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ کئی مقدمات فریقین کی عدم دلچسپی، بار بار اپیلوں اور عدالتی ریکارڈ کے گم ہونے کی وجہ سے بھی زیر التوا ہیں۔ این جے ڈی جی کے مطابق، 590 مقدمات پر ہائی کورٹ کی جانب سے روک عائد ہے، جبکہ 42 مقدمات پر سپریم کورٹ کی جانب سے روک لگی ہوئی ہے۔