ممبئی/ آواز دی وائس
گنیش اُتسو کے پانچویں دن، اتوار کو ممبئی میں 40 ہزار سے زیادہ گنپتی کی مورتیوں کا وسرجن سمندر، دیگر آبی ذرائع اور مصنوعی تالابوں میں رات گئے تک کیا گیا۔ میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) کے حکام نے پیر کو یہ اطلاع دی۔ بی ایم سی کے ایک افسر نے بتایا کہ وسرجن کے دوران اب تک شہر میں کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعے کی اطلاع نہیں ملی ہے
گنیش چترتی 27 اگست کو تھی، اور اس دن سے شروع ہوا یہ گنیش اُتسو 6 ستمبر کو اننت چتر دشی تک جاری رہے گا۔ بڑی تعداد میں عقیدت مند ڈیڑھ دن، پانچویں دن اور ساتویں دن مورتیوں کا وسرجن کرتے ہیں۔
حکام کے مطابق، اتوار کو پانچویں دن کے اُتسو کے بعد پیر صبح 9 بجے تک کل 40,225 مورتیاں وسرجن کی گئیں۔ ان میں 39,037 گھریلو گنپتی کی مورتیاں، 1,175 عوامی منڈلوں کی مورتیاں اور 13 ہرتالیکا دیوی کی مورتیاں شامل ہیں۔
اس سے قبل جمعہ کو ڈیڑھ دن کے گنپتی وسرجن کے موقع پر کل 60,177 مورتیاں وسرجن کی گئی تھیں۔ ان میں سے 29,683 مورتیاں پلاسٹر آف پیرس (پی او پی) سے بنی تھیں، جبکہ 30,494 مورتیاں ماحول دوست مٹی سے تیار کی گئی تھیں۔
میونسپل کارپوریشن کے مطابق، گنپتی وسرجن کے لیے تقریباً 290 مصنوعی تالاب بنائے گئے ہیں، جبکہ تقریباً 70 قدرتی آبی ذرائع جیسے سمندری ساحل، جھیلیں اور چوپاٹیاں پر بھی وسرجن کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
ماحولیات کے تحفظ کے تحت بی ایم سی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ماحول دوست مورتیوں کا وسرجن گھروں پر ڈرم یا بالٹی میں کریں۔ اسی طرح، چھ فٹ سے کم اونچائی کی پی او پی سے بنی مورتیوں کا وسرجن صرف مصنوعی تالابوں میں کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔