ماسکو/ آواز دی وائس
روس کے دارالحکومت میں منعقدہ 38ویں ماسکو انٹرنیشنل بُک فیئر (ایم آئی بی ایف) میں ہندوستان کی 2,500 سے زیادہ کتابیں پیش کی گئی ہیں، جن میں ہندی، انگریزی، بنگلہ، تمل سمیت کئی ہندوستانی زبانوں کی تخلیقات شامل ہیں۔
بدھ کو شروع ہونے والے اس 38ویں ماسکو انٹرنیشنل بُک فیئر میں ہندوستان کو مہمانِ خصوصی (گیسٹ آف آنر) کے طور پر مدعو کیا گیا ہے اور تاریخی سوویت دور کے وی ڈی این کے ایچ نمائش کمپلیکس میں منعقد اس پانچ روزہ میلے میں ہندوستان کو مرکزی پویلین فراہم کیا گیا ہے۔ یہ میلہ 7 ستمبر تک جاری رہے گا۔
قومی کتاب ٹرسٹ (این بی ٹی) کے تعاون سے اس پہل میں 50 سے زیادہ ہندوستانی پبلشرز نے حصہ لیا ہے۔ "ریڈ اینڈ ایکسپلور انڈیا " (پڑھیں اور ہندوستان کو جانیں) کے عنوان کے تحت ہندوستانی ادب کے ساتھ ساتھ کئی بچوں کی کتابوں کے روسی ترجمے بھی پیش کیے گئے ہیں۔
ہندوستانی پویلین کا افتتاح کرتے ہوئے روس میں ہندوستان کے سفیر ونئے کمار نے کہا کہ ہندوستان تیزی سے بڑھتی ہوئی معیشت ہے جس کی سالانہ ترقی کی شرح 7.5 سے 8 فیصد کے درمیان ہے۔ انہوں نے ہندوستان کی بھرپور مطالعہ کلچر کو اجاگر کیا۔
کتاب میلے کے دوران ہندوستانی پویلین میں 50 سے زیادہ مذاکروں اور پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا جن میں نئی ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت (اے آئی)، یوگا، آیوروید، کلاسیکی رقص اور ہندوستان کی ثقافتی تنوع جیسے موضوعات پر گفتگو ہوگی۔ پویلین میں ایک ڈائیلاگ سینٹر، دھیان کمرہ اور ہندوستانی فن، ادب، سنیما، کھانوں اور سیاحت پر مرکوز خصوصی حصے بھی قائم کیے گئے ہیں۔
اس میلے میں روس سمیت بیلا روس، ایران، چین، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اور شمالی کوریا جیسے ممالک کے 300 سے زیادہ ناشر اور ڈسٹری بیوٹر شریک ہو رہے ہیں۔